تحریک لبیک نے عام انتخابات کیلئے الیکشن سیل قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) آئندہ عام انتخابات کے لئے تحریک لبیک پاکستان نے الیکشن سیل کے قیام کا فیصلہ کر لیا اس سلسلہ میں جلد سیل کی تشکیل کا عمل مکمل کر لیا جائے گا، جس کے بعد آئندہ ماہ ملک بھر سے تحریک کے پلیٹ فارم سے قومی انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند امیدواروں سے درخواستوں کی وصولی کا کام شروع ہو گا۔ اس امر کا اظہار امیر تحریک علامہ خادم حسین رضوی نے صوبہ پنجاب کے عہدیداران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک لبیک شمالی پنجاب کے صدر پیر قاضی محمود احمد، علامہ فاروق الحسن قادری، صاحبزادہ نعیم عارف نوری، علامہ غلام عباس فیضی، مفتی عابد رضوی اور صاحبزادہ عثمان علی جلالی بھی موجود تھے۔ علامہ خادم رضوی نے کہا کہ پاکستان اس وقت بین الاقوامی سازشوں کا شکار ہے۔ پاکستان کے اندرونی و بیرونی دشمن آپس میں اتحاد کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نظریہ پاکستان ہی تحفظ پاکستان کی ضمانت ہے۔ پاکستان کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفیؐ ملک میں نافذ کرنے سے ہی ممکن ہے۔ جمہوریت کے نام پر نام نہاد سیاسی جماعتیں پاکستان کے وسائل کو لوٹ رہی ہیں۔ ستر سال سے پاکستانی عوام کو جمہوریت کے نام پر بے وقوف بنایا جارہا ہے۔ نام نہاد سیاسی جماعتوں نے اپنی اپنی باریاں لگارکھی ہیں۔ سابق حکمران جماعتوں نے وطن عزیز پاکستان کو ابھی تک کچھ نہیں دیا۔ انشاء اللہ آئندہ آنے والے الیکشن 2018ء میں تحریک لبیک پاکستان بھرپور تیاری و قوت کے ساتھ الیکشن میں حصہ لے گی۔