پاکستان سے مستقل دراندازی کی کوشش جاری‘ فوج منہ تو ڑ جواب کیلئے تیار ہے: بھارتی وزیر داخلہ
پٹنہ (کے پی آئی) بھارت کے مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ پڑوسی ملک پاکستان کی جانب سے مستقل دراندازی کی کوشش کی جارہی ہے جس کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے فوج کے جوان ہمیشہ تیار ہیں۔ مسٹر سنگھ نے بہار بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے منعقدہ بابوویر کنور سنگھ یوم فتح تقریب کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک کی جانب سے برابر افراتفری پھیلانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ملک کو توڑنے کی کوشش ہورہی ہے جس کا منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے۔ فوج کو یہ ہدایت دی گئی تھی کہ گولی چلانے میں پہل نہیں کرنی ہے لیکن اس کے باوجود سرحد کی جانب سے گولی چلتی ہے تو گولی کی گنتی نہیں کرنی ہے۔ مرکزی وزیر نے دعوے کے ساتھ کہا کہ نکسل علیحدگی پسند لیڈر غریبوں کا خون چوستے ہیں اور اس سے مال اکٹھا کرکے اپنے بچوں کو بیرون ملک میں پڑھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نکسلی ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ مرکزی حکومت نکسلی انتہاپسندی کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ آئندہ تین سالوں میں فوج اور حفاظتی دستے کی ٹیم دیسی ہتھیاروں سے مسلح ہوگی اس سلسلے میں کام کیا جارہا ہے۔