سانحہ ماڈل ٹائون، جسٹس با قر رپورٹ پیش کرنیکا حکم، سابق آئی جی کی ہائیکورٹ طلبی
لاہور ( وقائع نگار خصوصی) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹائون استغاثہ کیس کے ملزم ڈی آئی جی رانا عبدالجبار کی ایک دن کی حاضری معافی کی درخواست منظورکرتے ہوئے سماعت آج منگل 24 اپریل تک ملتوی کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ دو گواہوں کے بیانات پر وکیل نے جرح مکمل کی۔ جے آئی ٹی کو تبدیل کرنے کے لیے دی گئی درخواست کی کاپی کو ریکارڈ کا حصہ بنانے پر فریقین کی جرح مکمل ہوگئی۔ وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ بیان قلمبند کراتے وقت درخواست کی کاپی جمع نہیں ہو سکتی ہے۔لاہور ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاون استغاثہ میں نواز شریف، شہباز شریف سمیت دیگر وزرا اور حکومتی عہدیداروں کو طلب نہ کرنے کے معاملے پر وہ تمام ثبوت مانگ لیے ہیں جن کی بنیاد پر ان کو طلب کرنا ضروری تھا۔عدالت نے سابق آئی جی مشتاق سکھیرا کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔ وکیل عوامی تحریک نے عدالت کو بتایا کہ جسٹس علی باقر نجفی رپورٹ مکمل فراہم نہیں کی گئی جس پر پراسیکیوٹر جنرل پنجاب نے بتایا کہ مدعی نے رپورٹ کے ساتھ منسلک بیانات اور ویڈیوز کیلئے درخواست ہائیکورٹ میں دائر کر رکھی ہے،جس پر عدالت نے پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کو حکم دیا کہ عدالت کے سامنے مکمل رپورٹ سربمہر پیش کریں۔عدالت نے عوامی تحریک کے وکیل کو دہشتگردی کی عدالت میں پیش کی جانے والی دستاویزات پچیس اپریل تک عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کردی۔