امیر شریعت عطاء اللہ شاہ بخاری کے صاحبزادے عطاء المومن انتقال کرگئے
ملتان (سپیشل رپورٹر) امیر شریعت مولانا سید عطاء اللہ شاہ بخاری کے صاحبزادے مجلس احرار کے مرکزی امیر سید عطاء المومن شاہ بخاری جو کہ گزشتہ رات طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے کی نماز جنازہ گزشتہ روز ادا کر دی گئی۔ ان کی نماز جنازہ ملتان کے سپورٹس گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ کے بعد مرحوم کے جسد خاکی کو جلال باقری قبرستان میں اپنے والد مرحوم امیر شریعت سید عطاء اللہ شاہ بخار کے پہل میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں ملتان و جنوبی پنجاب سمیت ملک بھر سے جید علماء کرام‘ دینی شخصیات نے شرکت کی۔ نماز جنازہ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کی ہزاروں کی تعداد نے شرکت کی۔ رش کا عالم یہ تھا کہ بعد نمازمغرب ہونے والی اس نماز جنازہ میں شرکاء نے سپورٹس گراؤنڈ کے تمام گراؤنڈز کے پُر ہو جانے کے بعد باہر مرکزی سڑک اییل ایم کیو روڈ اور فلائی اوور پر کھڑے ہو کر نماز جنازہ ادا کی۔ اس موقع پر ساؤنڈ سپیکروں کا بھی خصوصی بندوبست کیا گیا تھا۔ اسے ملتان کی تاریخ کا بڑا جنازہ بھی کہا جا رہا ہے۔ اس موقعہ پر قاری حنیف جالندھری‘ مولانا سید کفیل بخاری‘ علامہ خالد محمود ندیم‘ مولانا محمد نواب نقشبندی‘ مولانا محمد اکبر‘ مولانا اللہ وسایا‘ مولانا غلام مصطفے فردوسی سمیت ہزاروں کی تعداد میں افراد شریک ہوئے۔ نماز جنازہ کی وجہ سے سڑک پر ٹریفک بھی جام ہو گیا جبکہ جنازہ میں ہر آنکھ اشکبار بھی نظر آئی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے مجلس احرارالاسلام کے سربراہ سید عطاء المومن بخاری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔