سائبر حملہ،کریم ٹیکسی سروس کے ایک کروڑ 40 لاکھ صارفین کا ڈیٹا چوری
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) رائیڈ شیئرنگ سروس" کریم "نے اپنے صارفین کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صارفین کی حساس معلومات جیسے نام، ای میل ایڈریسز، فون نمبرز اور سفر کا ہسٹری ڈیٹا ہیکرز نے چرالیا ہے تاہم کمپنی کو ایسے شواہد نہیں ملے کہ صارفین کے پاس ورڈ یا کریڈٹ کارڈ نمبر ہیکرز حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکے کیونکہ صارفین کے کریڈٹکارڈ کی معلومات کو ایک تھرڈ پارٹی پی سی پی کمپلینٹ سرور میں رکھا جاتا ہے، ہیکنگ سے وہ تمام صارفین اور کریم کے کیپٹن متاثر ہوں گے جنھوں نے اس سروس پر 14 جنوری 2018 سے پہلے سائن اپ کیا تھا ۔کمپنی کی جانب سے یہ نہیں بتایا گیا کہ ہیکنگ سے دنیا بھر میں صارفین متاثر ہوئے ہے یا کسی ایک ملک کے، جبکہ سائبر سیکیورٹی حملے کی تفصیلات بتانے سے بھی گریز کیا گیا۔ ایک رپورٹ کے مطابق مشرق وسطیٰ، شمالی افریقہ، پاکستان اور ترکی کے ایک کروڑ 40 لاکھ صارفین کا ڈیٹا چرایا گیا ہے، جبکہ اس ہیکنگ سے 5 لاکھ 58 ہزار کیپٹن بھی متاثر ہیں، کریم سروس کی جانب سے صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اپنی ذاتی معلومات کے تحفظ کے لیے سب سے پہلے صارفین اپنے کریم پاس ورڈ کو تبدیل کرکے زیادہ مضبوط بنائیں اور ان اکائوٹس کا پاس ورڈ بھی تبدیل کریں جن میں وہی ای میل اور پاس ورڈ استعمال کررہے ہیں جو کریم سروس کے لیے ہے، جبکہ ہر ویب سائٹ کے لیے الگ لاگ ان کا انتخاب کریں۔اسی طرح صارفین کو ایسے کسی رابطے سے خبردار رہنا چاہئے جس میں ذاتی معلومات کا مطالبہ کیا جائے یا کسی ویب پیج کا حوالہ دے کر ذاتی معلومات مانگی جائے۔