نام نہاد سیاستدان، بازیگروں نے ملک کو اکھاڑہ بنا دیا: زوار بہادر
لاہور(خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماء پاکستان کے صدرعلامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا کہ نام نہاد سیاستدانوں ،دانشوروںاور بازی گروں نے ملک عزیز کو اکھاڑہ بنا کر رکھ دیا ہے سیاستدان عوام سے جھوٹے وعدے اور طفل تسلیاں دے کر اور انہیں بے وقوف بنا کر اقتدار حاصل کرلیتے ہیں ۔مگر بعد میں یہی لوگ عوام سے کیے ہوئے وعدے بھول کر قومی خزانے کی لوٹ کھسوٹ کرتے ہیں اور عوام کو دو وقت کی روٹی سے محروم کردیتے ہیں۔ملک کی تقدیر نظام مصطفیٰؐ کے ساتھ وابستہ ہے۔وطن عزیز میں نظام مصطفیٰؐ نافذ ہو گاتو خوشحالی آئی گی ، ملک کاغریب بھی باعزت اور باوقار زندگی گزار سکے گا ،اس نظام کے نفاذ سے کوئی جاگیردار ،وڈیرا اور بااثر کسی غریب کو میلی آنکھ نہیں دیکھ سکے گا اس کی برکت سے زکوٰۃ دینے والے موجود ہونگے مگر لینے والے نہیں ملیں گے ۔ قرآن و سنت کے نظام سے ملکی معیشت جو اب تباہ حال ہے ایک بار پھر بہتر ہو گی زمین و آسمان سے برکات نازل ہونگی ۔لیکن اگر ہم نظام مصطفیٰؐ سے روگردانی کرتے رہے تو اللہ تعالیٰ سے ہم برکتوں اور رحمتوں کی اُمید نہ رکھیں۔