ترقیاتی پروگرام پر حکومتی رپورٹ مسترد‘ بلوچستان ہائیکورٹ میں خزانہ‘ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ طلب
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) بلوچستان ہائیکورٹ نے صوبائی بجٹ کے ترقیاتی پروگرام سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران حکومتی رپورٹ کو مسترد کر تے ہوئے وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری اور سیکرٹری خزا نہ کو طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس کامران ملاخیل پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نصیب اللہ بازئی نے صوبے کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کی صورتحال سے متعلق جواب عدالت میں داخل کرادیا، جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جسٹس جمال مندوخیل نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری سے استفسار کیا کیا آپ کابینہ کے کسی بھی فیصلے کی ذمہ داری لیتے ہیں اور وزیراعلیٰ کس قانون کے تحت کھلی کچہری میں پیسے بانٹ رہے ہیں، ایڈیشنل سیکرٹری نے کہا وہ کابینہ یا وزیر اعلیٰ کے فعل کی ذمہ داری نہیں لے سکتے اور نہ ہی یہ بتا سکتا ہوں وزیر اعلیٰ کیوں پیسے تقسیم کر رہے ہیں، عدالت نے کہا کیا ہم وزیر اعلیٰ کو بلالیں عدالت نے وزیراعلیٰ بلوچستان کے پرنسپل سیکرٹری اور سیکرٹری خزانہ کو طلب کرلیا جس کے بعد پی ایس ڈی پی سے متعلق کیس کی سماعت ملتوی کر دی گئی ۔