متعدد شہروں میں سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی گندم کی فصل آگ لگنے سے خاکستر
لاہور (نامہ نگاران) متعدد شہروں میں سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی کروڑوں روپے مالیت کی گندم کی فصل آگ لگنے سے جل کر خاکستر ہوگئی ۔ سیدوالا میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے سے 2 سو گندم کی تیار فصل جل کر خاکسترہوگئی۔ 6 گھنٹے تک انتظامیہ جائے موقع پر نہ پہنچ سکی۔ پنڈی چیری اور چک باوا کے اشرف، اقبال، پرویز، خضر حیات، اعجاز حسین، اسد، محمد شیر، شاہ خالد، مظہر، منیر وغیرہ کی تیار گندم واپڈا لیسکو کی 11کے وی کی تار گرنے کے باعث آگ بھڑک اٹھنے سے دیکھتے ہی دیکھتے مجموعی طور پر 200 ایکڑ کے قریب تقریباً ایک کروڑ سے زائد مالیت کی گندم جل گئی جبکہ مقامی پولیس سمیت انتظامیہ 6گھنٹے گزر جانے کے باوجود بھی جائے وقوعہ پر نہ پہنچ سکی۔ نارنگ منڈی کے نواحی چوڑا کے کسان شاہ محمد بھلہ کھیتوں میں ہار ویسٹر مشین سے سہارکنگ ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے حد نگاہ تک گندم کی کھڑی فصل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور خوفناک آگ کے شعلے آسمان کی بلندیوں کو چھوتے رہے۔ کسانوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کئی گھنٹے کی جدوجہد سے آگ پر قابو پانے کی ناکام کوشش کی آگ پھیلتی گئی ریسکیو 1122 کی دو گاڑیاں دو گھنٹے کی تاخیر سے پہنچی اس وقت تک ڈاکٹر عارف کالا خطائی کے 25 ایکڑ اور 15 سے زائد کسانوں کا سو ایکڑ رقبہ مکمل جل گیا اور چھ گھنٹے کی طویل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا تاہم اس دوران غریب کسانوں کی تمام فصل خاکستر ہو چکی تھی متاثر کسانوں نے ریسکیو 1122 کی تاخیر سے پہنچنے پر سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ ہماری سیزن کی گندم جل گئی ہے حکومت ہماری امداد کرے۔علاوہ ازیں شیخوپورہ کے نواحی گائوں جھبراں کے ڈیرہ سیم نالہ میں گندم کے کھیتوں میں آگ بھڑک اٹھی جس سے درجنوں گندم کے کھیت جل کر خاکستر ہوگئے۔ اسی طرح کوٹ پنڈی داس میں بھی 40 ایکڑ گندم جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئی۔ شاہکوٹ کے نواحی گاؤں کوٹلہ کاہلواں میں بھی گندم کی تیار فصل میں اچانک آگ لگ گئی جس کے باعث زمیندار کی لاکھوں روپے مالیت کی کھڑی فصل تباہ ہو گئی وقوعہ کی اطلاع پا کر فائر بریگیڈ کی دو گاڑ یاں موقع پر پہنچ گئیں اور باقیماندہ فصل کو بچا لیا۔زمیندار سلامت نمبردار اور ملک رفیق کی گندم کی فصل کی کٹائی کا کام جاری تھا کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فصل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ خانقاہ ڈوگراں کے علاقہ قلعہ میر زمان، چوہڑاں گائوں، گائوں جھامکے اور لاہور روڈ کوٹ پنڈی داس میں بھی 150 ایکڑ سے زائد گندم کی فصل جل کر تباہ ہوگئی۔علاوہ ازیں حافظ آباد، کامونکے، سادھوکے، تتلے، عالی کے علاقوں ڈیرہ ٹالی والا ،ڈیرہ بی والا،اڑتالی ورکاں، ہرپوکی، چنڈالہ میں زمینداروں خادم حسین ، راشد علی ،علی بھٹی ،محمدارشد،محمدحسن ،عمران گجر ،محمد صدیق، امتیاز، محمد ایوب، ملک لطیف ،فیاض ورک اور دیگر زمینداروں کے کھیتوں سے گزرنے والی الیون کے وی تاروں سے آگ کا شعلہ گرنے سے مجموعی طور پر 150 ایکڑ تیار فصل کو آگ لگ گئی جس سے 150 کے قریب کھیتوں میں گندم کی فصل جل کر راکھ ہوگئی ۔ قلعہ دیدار سنگھ کے نواحی گائوں نت کلاں گندم میں اچانک آگ بھڑک اٹھی 50ایکڑ کے قریب گندم جل گئی۔