غلط پارکنگ، ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں سے رعایت نہیں کی جائے گی:سی ٹی او
لاہور(نامہ نگار)چیف ٹریفک آفیسر رائے اعجاز نے کہا ہے کہ غلط پارکنگ اور ون وے کی خلاف ورزی کرنیوالوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔غلط پارکنگ کا مطلب دیگر شہریوں کیلئے رکاوٹ بننا جبکہ ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈرائیونگ کرنا حادثات کا باعث بننا ہے۔ایسے افرادکے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ان اقدامات کا فیصلہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کیلئے قربان پولیس لائن میں سی ٹی او رائے اعجاز احمد کی زیر صدارت منعقدمیٹنگ میں کیا گیا ۔ جس میں ایس پی ٹریفک صدر ڈویژن سردار آصف خان ،ایس پی ٹریفک سٹی ڈویژن آصف صدیق،ڈی ایس پی گلبرگ منیر احمد سمیت تمام سرکل افسران اور سیکٹرانچارجز نے شرکت کی۔اس موقع پر شہر میں ٹریفک کی صورتحال اور اس کی مزید بہتری کیلئے مختلف تجاویز کو زیر بحث لایا گیا۔ ابتدائی طور پر تمام اہم مارکیٹوں،بازاروں،ون وے پوائنٹس پر شہریوں کی راہنمائی اور آگاہی کیلئے بینرز آویزں کئے جائیں۔ محفوظ سفر اور ٹریفک کی روانی ٹریفک پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔