بلوچستان سے چیئرمین سینٹ کی تجویز میری تھی‘ اوپر سے حکم کا مطلب بنی گالہ ہوتا ہے : پرویز خٹک
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ہم اوپر سے حکم کی بات کرتے ہیں تو اشارہ بنی گالا ہوتا ہے، میں نے سراج الحق کو کہا کہ بلوچستان کو سپورٹ کرنا ہو گا، ڈپٹی چیئرمین کےلئے بھی بلوچستان کے امیدوار کو سپورٹ کرنا چاہتا تھا، وفاقی حکومت بجلی لے رہی ہے لیکن پیسے نہیں دے رہی۔ 7 برس سے کہہ رہا ہوں ہمارے ساتھ معاہدہ کرو۔ یہاں پریس کانفرنس سے خطاب میں پرویز خٹک نے کہا کہ 2013میں صوبے کی سڑکیں اور انفراسٹرکچر تباہ تھا، میرے دور میں 70میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے، ہم نے اڑھائی ہزار میگاواٹ کے بجلی پراجیکٹس کا کام شروع کیا، پراجیکٹ مکمل ہونے میں سات آٹھ سال لگ جاتے ہیں۔ چینی کمپنیوں کے ساتھ بھی 610میگاواٹ بجلی کے معاہدے ہوئے، ہماری سستی بجلی کو نیشنل گرڈ میں شامل نہیں کیا جا رہا، کوئلے سے بجلی پیدا کرنا ماحول کےلئے نقصان دہ ہے، دنیا میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے کارخانے بند ہورہے ہیں، پانی کے ذریعے سستی بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ ایف ڈبلیو او کے ساتھ 506میگاواٹ بجلی پیداوار کا معاہدہ کیا، میں نے سراج الحق کو کہا کہ بلوچستان کو سپورٹ کرنا ہو گا، مجھے اللہ تعالیٰ ہی آرڈر دے سکتا ہے، ہم اوپر سے حکم کی بات کرتے ہیں تو اشارہ بنی گالا ہوتا ہے، بلوچستان کو آگے کرنے کی تجویز میں نے دی تھی۔ خیبر پی کے حکومت اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے درمیان گزشتہ روز ایم او یو پر دستخط ہوئے۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے میڈیا کو بتایا کہ ایم او یو کے تحت بالاکوٹ میں 300 میگاواٹ کا پن بجلی گھر لگایا جائے گا۔ ایشیائی ترقیاتی بنک 64 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی فنڈنگ کرے گا۔ پن بجلی گھر دریائے کنہار پر تعمیر کیا جائے گا۔ ایل این جی اور کوئلے سے بجلی مہنگی پڑتی ہے۔ خیبر پی کے میں 10 سے 15 ہزار میگاواٹ بجلی پانی سے بنائی جاسکتی ہے۔ خیبر پی کے حکومت کا 300 میگاواٹ بجلی کا پہلا منصوبہ ہے۔ ہم 29 سو میگاواٹ بجلی کے منصوبوں پر کام کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں پرویز خٹک کی عبوری ضمانت کی توثیق کردی۔ پرویز خٹک اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئے۔ وزیراعلیٰ خیبرپی کے نے میڈیا سے مختصر گفتگو میں کہا کہ بعض ارکان کے بک جانے پر بہت افسوس ہوا لیکن ہم نے اپنے ارکان اسمبلی کے خلاف ایکشن لیا، دوسری پارٹیوں میں ہمت ہے تو وہ بھی ایکشن لیں۔ عمران خان کی پارٹی میں ایسانہیں ہوسکتا کہ غلطی پر سزا نہ ملے۔ ادھر تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسف زئی نے کہا کہ سراج الحق ہماری وجہ سے سنیٹر بنے۔ پی ٹی آئی نے خیبر پی کے میں اپنی اتحادی جماعت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری سے جماعت اسلامی کے وزراءکی طرف سے دی گئی بھرتیوں سمیت دیگرتفصیلات مانگ لی ہیں۔
پرویز خٹک