اسلام آباد : سودی نظام کیخلاف درخواستوں کی سماعت 14مئی تک ملتوی
اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی شرعی عدالت نے سودی نظام کے خلاف درخواستوں کی سماعت 14مئی تک ملتوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کافی عرصہ کے بعد بینچ کی تشکیل مکمل ہوئی ہے اب اس کیس کونمٹانا چاہتے ہیں۔سوموار کو چیف جسٹس شیخ نجم الحسن کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے سماعت کی۔ اس دوران جماعت اسلامی کے وکیل قیصر امام ایڈووکیٹ، پروفیسر محمدابراہیم ،عدالتی معاونین کی بڑی تعداد پیش ہوئی ۔چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ یہ کیس عدالت عظمی سے ریمانڈ ہو کر آیا ہے اب کافی عرصہ بعدبینچ کی تشکیل مکمل ہوئی ہے۔عدالت نے قراردیا کہ چونکہ کچھ فریقین اور وکلا کو نوٹس موصول نہیں ہوسکے اس لئے آئندہ سماعت پر سپریم کورٹ کی طرف سے کیس ریمانڈکرکے بھجوانے والے حکم کاجائزہ لیا جائے گا۔ ریمانڈ آرڈر کے جائزے کے بعد عدالتی دائرہ اختیار کے معاملے کو دیکھا جائے گا۔ عدالت نے قراردیا کہ تمام فریقین کے وکلا کو نوٹسسز کی تعمیل یقینی بنائی جائے گی۔ چیف جسٹس شیخ نجم الحسن کا کہنا تھا کہ اب ہم کیس کو سن کر نمٹانا چاہتے ہیں،آئندہ سماعت سے تمام معاملات کو ترتیب سے چلائیں گے۔