قتل کا نامزد ملزم درخواست ضمانت مسترد ہونے پر لاہور ہائیکورٹ سے فرار‘ مدعی اور اہلکار تعاقب کرتے رہ گئے
لاہور( وقائع نگار خصوصی )لاہور ہائی کورٹ سے قتل کے مقدمہ میں نامزد ملزم درخواست ضمانت مسترد ہونے پر پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہو گیا۔ دوسری جانب عدالت نے ڈکیتی کے مقدمے میں نامزد بصارت سے محروم اور ایک ٹانگ سے محروم دو ملزموں کو عبوری طور پرضمانت پر رہا کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری شہرام سرور نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ملزم صفدر کی درخواست ضمانت مسترد کر دی۔ درخواست ضمانت مسترد ہوتے ہی ملزم کمرہ عدالت سے نکل کر بھاگ کھڑا ہوا۔ مدعی مقدمہ اور پولیس اہلکار ملزم کے پیچھے بھاگتے اور تعاقب کرتے رہے تاہم ملزم پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہو گیا۔ ملزم صفدر کے خلاف تھانہ شمالی چھائونی لاہور میں قربان نامی شہری کے قتل کا مقدمہ درج ہے۔ دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے ڈکیتی کے مقدمے میں نامزد بزرگ نابینا اور ایک ٹانگ سے محروم دو ملزموں کوعبوری طور پرضمانت پر رہا کر دیا۔عدالت کے روبرو ملزم ایم اقبال نے بتایا کہ وہ دونوں آنکھوں سے محروم جبکہ اس کا ساتھی ایک ٹانگ سے معذور ہے مگر پولیس نے انہیں ڈکیتی اور چوری کے مقدمے میں بلاجوازنامزد کردیا، عدالت نے متعلقہ پولیس سٹیشن کے ایس ایچ او سے رپورٹ طلب کر لی۔
ہائیکورٹ