الیکشن کمیشن کے انتخابی عملے کی تربیت شروع 45 اضلاع کے اعتراضات نمٹا دئیے
عام انتخابات کی خامیاں دور کرنے کے لئے انتخابی عملے کی تربیت شروع پہلے مرحلے میں 3 ہزار ماسٹر ٹرینر تیار کئے جائیں گے جو آگے عملے کو تربیت دیں گے۔ الیکشن کمشن نے حلقہ بندیوں پر 45 اضلاع کے اعتراضات نمٹا دئیے۔
انتخابی عمل کو صاف و شفاف اور غلطیوں سے پاک رکھنے کے لئے الیکشن کمشن کی طرف سے کروڑوں روپے خرچ کر کے انتخابی عملے کی تربیت کا جو پروگرام شروع کیا گیا۔ اس میں 9 لاکھ عملے کو تین مرحلوں میں تربیت دی جائے گی جس کا انہیں معاوضہ بھی ملے گا۔ اس طرح انتخابی عمل میں غلطیوں کا احتمال کم از کم رہ جائے گا۔ یہ ایک اچھا عمل ہے جو آگے چل کر بھی تربیت یافتہ انتخابی عملے کی فراہمی میں معاون ثابت ہوگا۔ اس طرح ملک میں شفاف الیکشن کے لئے تربیت یافتہ عملہ میسر ہو گا تو الیکشن عملے کے امور کے حوالے سے شکایات خود بخود کم ہوں گی۔ الیکشن کمشن حلقہ بندیوں پر اعتراضات کی سماعت بھی جس تیزی سے کر رہا ہے اس سے امید ہے کہ یہ کام بھی جلد خوش اسلوبی سے طے ہوگا۔ اس طرح عام انتخابات کی راہ ہموار ہو گی۔ اس وقت تک الیکشن کمش 45 اضلاع کے 1556 اعتراضات کو نمٹا چکا ہے۔ باقی پر کام جاری ہے۔ جو آئندہ چند روز میں مکمل ہو جائے۔ اس وقت الیکشن کمشن کو اپنی ساری توجہ آئندہ انتخابات کو صاف و شفاف بنانے پر مبذول رکھنا ہو گی تاکہ انتخابات کی راہ میں کوئی رکاوٹ درپیش نہ ہو اور الیکشن کے باقی مراحل بھی آرام سے طے ہوں یہی الیکشن کمشن کی اولین ذمہ داری ہے۔