کریم کی ویب سائٹ پر سائبر سیکورٹی حملہ‘ لوگوں کا ڈیٹا چرانے کا انکشاف
کراچی (لیڈی رپورٹر)ملک میں تیزی سے مقبول ہونے والی رائیڈ شیئرنگ سروس کریم نے اپنے صارفین کو خبردار کیا ہے کہ ویب سائٹ پر سائبر سیکیورٹی حملے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر لوگوں کے ذاتی ڈیٹا کو چرایا جارہا ہے۔کمپنی کی جانب سے صارفین کو جاری ای میل میں بتایا گیا کہ حساس معلومات جیسے صارفین کے نام، ای میل ایڈریسز، فون نمبرز اور سفر کا ہسٹری ڈیٹا ہیکرز نے چرالیا ہے۔تاہم کمپنی نے کہا کہ ' ایسے شواہد نہیں ملے کہ صارفین کے پاس ورڈ یا کریڈٹ کارڈ نمبر ہیکرز حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکے، صارفین کے کریڈٹ کارڈ کی معلومات کو ایک تھرڈ پارٹی پی سی پی کمپلینٹ سرور میں رکھی جاتی ہے'۔اس ہیکنگ سے وہ تمام صارفین اور کریم کے کیپٹن متاثر ہوں گے جنھوں نے اس سروس پر 14 جنوری 2018 سے پہلے سائن اپ کیا تھا، جبکہ اس تاریخ کے بعد اس سروس کو اپنانے والے افراد اس سے متاثر نہیں ہوئے۔