سٹاک مارکیٹ میں تیزی ‘ مجموعی سرمایہ کاری 45 کھرب 63 ارب سے بڑھ گئی
کراچی+ لاہور ( مارکیٹ رپورٹر+ کامرس رپورٹر) سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز تیزی کا رجحان رہا۔ تفصیلات کے مطابق کے ایس ای 100 انڈیکس 41.74 پوائنٹس کے اضافہ سے 18647.29 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر 17 کروڑ 18 لاکھ 71 ہزار 790 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 4 ارب 93 کروڑ 1 لاکھ 87 ہزار 516 روپے رہا۔ مارکیٹ کیپیٹل 45 کھرب 57 ارب 16 کروڑ 7 لاکھ 82 ہزار 137 روپے سے بڑھ کر 45 کھرب 63 ارب 45 کروڑ 71 لاکھ 31 ہزار 620 روپے ہو گیا۔ دریں اثناءلاہور سٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز تیزی کا رجحان رہا- مجموعی طور پر100 کمپنیوں کا کاروبار ہوا۔ 36 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ہوا، 12 کمپنیوں کے حصص میں کمی ہوئی جبکہ 52 کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا۔ ایل ایس ای 25 انڈیکس 14.13 پوائنٹس کے اضافہ کے ساتھ 4027.00 پربند ہوا۔ 20 لاکھ 41 ہزار 600 حصص کا کاروبار ہوا۔