لاہور + اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر + مانیٹرنگ نیوز + ایجنسیاں) شعیب ملک اور ثانیہ مرزا اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے۔ سیالکوٹ میں جوڑے کے استقبال کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں۔ جوڑے نے اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمشنر سے ملاقات کی۔ بھارتی ہائی کمشنر نے شعیب کو 4 شہروں کا ویزہ جاری کر دیا ہے۔ شعیب ملک نے کہا کہ پرتپاک استقبال پر قوم کا شکرگزار ہوں۔ جبکہ واپڈا حکام نے چراغاں کرنے پر سیالکوٹ میں شعیب ملک کے گھر پر چھاپہ مارا۔ تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال ائر پورٹ پر سخت بد انتظامی دیکھنے میں آئی ۔شعیب اور ثانیہ کو دیکھنے کے لیے آئے پرستاروں کو اس وقت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا جب انتظامیہ نے شعیب ملک، ثانیہ مرزا اور نسیمہ مرزا کو حج ٹرمینل کے راستے سے ائرپورٹ سے ہوٹل پہنچا دیا۔ ہوٹل پہنچنے پر بھی شعیب اور ثانیہ کو ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔ ہوٹل میں مختلف تقریبات کے لیے آنے والوں کے ساتھ ساتھ ہوٹل میں ٹھہرے افراد شعیب اور ثانیہ کو دیکھنے کے لیے امڈ پڑے جس کی وجہ سے دونوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔اس موقع پر ثانیہ کی آنکھوں میں آنسو چھلک پڑے۔ ائرپورٹ پر انتظامیہ کی جانب سے میڈیا اور پرستاروں کو بے وقوف بنانے کے لیے ایک سفید رنگ کی لیموزن گاڑی لا کر کھڑی کر دی گئی تھی تاہم وہ کسی استعمال میں نہ آ سکی۔ سکےورٹی کے لیے ائرپورٹ پر پولیس کی بھاری نفری کے ساتھ ساتھ کمانڈوز کو بھی تعینات کیا گیا تھا۔ اس سے قبل شعیب ملک اور ثانیہ مرزا بھارتی ہائی کمشن گئے شعیب ملک نے بھارتی ہائی کمشن میں ویزے کی درخواست دی انہیں فوری طور پر 4 شہروں کا ایک سال کا ویزا جاری کر دیا گیا۔ ولیمے کی تقریب 27 اپریل کو لاہور میں ہو گی جس کی نگرانی معروف گلوکار وارث بیگ کر رہے ہیں۔ سیالکوٹ میں شعیب ملک کے گھر کو برقی قمقموں سے دلہن کی طرح سجا دیا گیا ہے۔ ان کے گھر کے باہر مداحوں اور دوستوں نے ڈھول کی تھاپ پر خوب رقص کیا‘ لاہور میں ون ڈش کی پابندی کرتے ہوئے چکن قورمہ‘ مٹن بریانی کے ساتھ سویٹ ڈش پیش کی جائے گی۔ چراغاں کرنے پر واپڈا ٹیم کے چھاپے پر سوال پوچھنے پر شعیب کے بہنوئی میڈیا والوں پر برس پڑے۔ شعیب ملک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ قومی ٹیم میں واپسی کے لئے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مصروفیات سے فارغ ہونے کے بعد ٹیم میں واپسی پر غور شروع کریں گے جبکہ ثانیہ مرزا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چاہے کچھ بھی ہو جائے وہ اپنے نام میں کوئی تبدیلی نہیں لائیں گی بلکہ ان کا نام ثانیہ مرزا ہی رہے گا۔ شعیب ملک مجھے جہاں رکھیں گے میں وہیں رہوں گی۔ ویسے وہ دبئی میں رہنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ابھی تین سے چار سال تک مزید ٹینس کھیلنا چاہتی ہوں۔
شعیب / ثانیہ
شعیب / ثانیہ