زیادہ پیداوارکو یقینی بنانے کیلئے سستی کھادوں کی دستیابی یقینی بنانا ہوگی:چیف سیکرٹری
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی )چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ سنبل کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں کھادوں کی دستیابی اور شفاف تقسیم کے حوالہ سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کمشنر ڈپٹی کمشنرزضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت کے افسروں کوہدایت کی گئی ہے کہ کسانوں اور زمینداروں کے مفادات کا بھرپور تحفظ کرتے ہوئے کھاد کی وافر دستیابی اور مقررہ نرخوں پر فروخت کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں اور خلاف ورزی کے مرتکب کھادڈیلروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ویڈیو لنک اجلاس میں کمشنر گوجرانوالہ غلام فرید ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر ایڈیشنل کمشنر کوارڈ افضال احمد وڑائچ ایڈیشنل کمشنر جنرل شبیر حسین بٹ اے سی جی تنویر یسین ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر جاوید پڈھیار اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی،چیف سیکرٹری نے کہا کہ نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے حوالہ سے پنجاب کا کردار بے حد اہم ہے اور زیادہ زرعی پیداوارکو یقینی بنانے کیلئے سستی کھادوں کی دستیابی ہر صورت یقینی بنانا ہوگی۔ کمشنر گوجرانوالہ نے بریفنگ کے دوارن بتایا کہ ڈیجیٹل گرداوری نظام کے تحت شفا ف طریقہ کار کے مطابق یوریا کھاد کی فراہمی کے نظام کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہونا شروع ہوگئے ہیں جبکہ ڈویژن میں 6725 میٹرک ٹن یوریا کا اسٹاک دستیاب ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ای ڈسٹری بیوشن سسٹم کو 40 فیصد سے زائد ڈیلر استعمال کررہے ہیں۔ جس میں مزید تیزی اوربہتری لائی جارہی ہے ۔ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت ڈاکٹر جاوید پڈھیار نے بتایا کہ جولائی سے لے کر اب تک ڈویژن میں کھاد ڈیلروں کو 22 لاکھ72ہزار جرمانہ24 افراد کے خلاف ایف ائی آرزکا اندراج اور 3036 بوری کھاد قبضہ میں لی گئی ۔