بغیر لالچ رب کی مخلوق کی خدمت کا سلسلہ جاری ہے ، فرخ محمود سیال
گوجر خان (نامہ نگار) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فرخ محمود سیال نے کہا ہے کہ اپنی مدد آپ کے تحت اور مخیر حضرات کی تعاون سے جمع شدہ نقد رقم،راشن وغیرہ متاثرین سیلاب کے پاس جاکر ان تک پہنچانے والے لوگ عظیم ہیں حق دارو ں تک ان کی امانتیں پوری دیانتداری اور ایمانداری سے سپرد کرنا مشکل اور صبر آزما کام ہے ۔بے لوث بغیر لالچ رب کی مخلوق کی خدمت کرنے والوں کا نام سنہری حروف میں لکھا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اور بلوچستان کے علاقے میں آنیوالے حالیہ ںسیلاب سے متاثر علاقے پنجاب کے ضلع راجن پور میں متاثرین سیلاب تک نقد رقم تقسیم کر کے واپس آنے والے فرینڈز گروپ کی چار رکنی ٹیم شہزادہ خان،ملک پرویز اعجاز اعوان ،راجہ ضیا الحق ،راجہ شفقت علی خان اور بلوچستان میں متاثرہ علاقوں میں متاثرین کی مدد کرنے والے سماجی کارکن نوید مرزا کے اعزاز میں دیئے گئے ڈنر کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ سیلاب زدگان کی امداد کے لیے مخیر حضرات کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے اس نازک صورتحال میں سیلاب زدگان کی مدد کے لیے تمام قوم کو متحد اور یکسو ہونا چاہیے اس موقع پر کوئی رکاوٹ ہرگز نہیں بننی چاہئے یہ بات خوش آئند ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت سیلاب زدگان کی مدد کے سلسلے میں یک زبان ہو رہی ہے۔