پیپلز پارٹی کی جمہوریت کیلئے خدمات لازوال ہیں، رضوان ڈنڈوت
چکوال(نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع چکوال کے صدر راجہ رضوان ڈنڈوت نے کہا ہے کہ ضلع چکوال میں پیپلز پارٹی کو مضبوط اور متحرک کرنے کیلئے وہ ہر پارٹی جیالے کے گھر جائیں گے جو پارٹی سے ناراض ہوکر گھر میں بیٹھا ہے اور انہیں شہید بے نظیر بھٹو کا پیغام پہنچائیں گے، پیپلز پارٹی کی جمہوریت کیلئے خدمات لازوال ہیں اور پیپلز پارٹی ملک کی وہ سیاسی جماعت ہے جس نے ملک کو آئین دیا، ذوالفقار بھٹو نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا ، انشاء اللہ پیپلزپارٹی میں مستقبل میں بھی اپنا جمہوری کردار آصف علی زردار اور بلاول زرداری کی قیادت میں پورا کرتی رہے گی۔ وہ قصبہ چندو علاقہ جھنگڑ میں پیپلز پارٹی کے دفتر کی افتتاحی تقریب میں خطاب کررہے تھے۔پاکستان پیپلز پارٹی یونین کونسل بشارت کے گاؤں چندو میں صوبیدار میجر ملک محمد مرید اور نمبردار ملک محمد شوکت کے زیر اہتمام چندو میں دفتر کی افتتاحی تقریب کا انعقاد ہواجس میں ضلعی صدر چکوال پاکستان پیپلز پارٹی راجہ رضوان ڈنڈوت اور تحصیل صدر چوآسیدن شاہ ودیگراہل علاقہ کے عمائدین نے خصوصی شرکت کی۔