ٹرانس جینڈر ایکٹ تہذیبی جارحیت ،خاندانی نظام پر حملہ:سینیٹر مشتاق احمد خان
اسلام آباد ( نامہ نگار ) جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ ٹرانس جینڈر ایکٹ تہذیبی جارحیت ہے ،ہمارے خاندانی نظام اور نکاح کے ادارے پر حملہ ہے،یہ اسلام کا قانون وراثت عورت کی شرم و حیا اور وقار کے خلاف سازش ہے ،خواجہ سراؤں کے ساتھ حکومت ریاست والدین اور معاشرہ ظلم کر رہا ہے ،ہم ان کے حقوق کے محافظ ہیں ، مگر اب حکمران ان کے حقوق کے نام پر پورے اسلامی نظام پر حملہ آور ہیں اس لیے ہم اس کو مسترد کرتے ہیں،انھوں نے کہا اس بل کو پاس کرنے میں پی ٹی آئی نون لیگ پی پی پی اور ق لیگ سب متفق ہیں ، انھوں نے کہا جب بات مہنگائی، تعلیم،عوام کی صحت اورآئی ایم ایف کی غلامی سے نجات کی آتی ہے تو کہتے ہیں کہ ہم آپس میں نہیں بیٹھ سکتے مگر جب بات ایف اے ٹی ایف اور اسلام مخالف قوانین کی آتی ہے تو پھر یہ سب ایک ہو جاتے ہیں، ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ اسلام مخالف قانون سازی پی ٹی آئی کے دور میں ہوئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعیت اتحاد العلمائ پنجاب کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ، سیمینار سے جمعیت اتحاد العلمائ پنجاب کے صدر مولانا امیر عثمان ، ڈاکٹر حبیب الرحمن،جماعت اسلامی شمالی پنجاب کے نائب امیر حافظ تنویر احمد ، شی میل رائٹس ایسوسی ایشن کی صدر الماس بوبی ،نامور ماہر قانون عمران شفیق ، ڈاکٹر افتخار برنی، عزیز الرحمن اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔
سینیٹر مشتاق احمد