ٹرانس جینڈر بل ، شہدائے پاکستان کے خون سے غداری: فضل الرحیم اشرفی
لاہور( خصوصی نامہ نگار ) جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی، نائب مہتمم و ناظم اعلیٰ مولانا قاری ارشد عبید،نائب مہتمم مولانا احمد حسن،حافظ اسعد عبید،حافظ اجود عبیدمولانا حافظ زبیر حسن، مولانا محمد اکرم کاشمیری، پروفیسر مولانا محمد یوسف خان اور مولانا مجیب الرحمن نے اپنے مشترکہ بیان میں ٹرانس جینڈرقانون پر شدید دکھ اور غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام اور کلمہ کے نام پر لاکھوں مسلمانوں کی جان مال اور عزتوں کی قربانی دے کر حاصل کیے گئے ملک میں ٹرانس جینڈرجیسے غلیظ قانون کی کوئی گنجائش نہیں انہوں نے کہا کہ یہ شہدائے پاکستان کے خون سے غداری،اسلام کی خلاف ورزی اور خدا کے غضب کو دعوت دینے کے مترادف ہے خواجہ سراو¿ں کے حقوق کے نام پرعالمی طاقتوں اور لادین قوتوں کے ایما پر بنائے گئے اس قانون سے ملک میں ہم جنس پرستی، عریانی و فحاشی کو فروغ دینے اور خاندانی نظام کو تباہ کرنے کی مذموم سازش ہے جس کو کسی صورت بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا،پاکستان کے آئین کے مطابق اس ملک میں خلاف شریعت اور اسلام سے متصادم کوئی قانون نہیں بن سکتا ہے اور نہ ہی اس کا نفاذ ہوسکتا ہے انہوں نے کہا کہ حکومت اس قانون کو فوری واپس لے ۔