اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت مہنگائی سے متعلق اجلاس آج ہوگا جس میں ملک کی معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور معیشت کی بہتری کیلئے اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان آج مہنگائی سے متعلق اجلاس کی صدارت کریں گے. جس میں کابینہ اراکین، وفاقی وزراء، مشیران اور معانینِ خصوصی شریک ہوں گے۔ صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو بھی اجلاس میں شرکت کی دعوت دے دی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران وزیر اعظم عمران خان کو مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے صوبائی و وفاقی حکومتوں کے اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی۔ اس دوران مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اہم اقدامات سے متعلق فیصلے بھی کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی نے ملک کے متعدد مسائل حل کیے. تاہم مہنگائی پر قابو نہ پایا جاسکا۔وزیر اعظم عمران خان نے حکومت کے 3 سالوں کو زندگی کا مشکل ترین وقت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل وقت سے آپ سب سے زیادہ سیکھتے ہیں۔
گزشتہ روز اسلام آباد میں پرفارمنس ایگریمنٹ پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ضروری ہے ہم اپنی حکومت کے آخری دو سال اہداف مقرر کرکے ان کا ہر 3 ماہ جائزہ لیا کریں۔ موجودہ مالی سال ہمارے لیے بہت اہم ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کے تین سال میں جتنا سیکھا، اتنا زندگی بھر سیکھنے کا موقع نہیں ملا، یہی ہمارے لیے مشکل ترین وقت تھا، انسان کی صلاحیت کا اندازہ مشکل وقت میں ہوتا ہے، محنت نہ کرنے والے ترقی نہیں کرسکتے۔