کرونا،47 اموات، پنجاب میں سمارٹ لاک ڈائون نرم ، کاروبار آج سے رات 10 بجے تک
اسلام آباد (خبر نگار) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے بھی سمارٹ لاک ڈاون میں نرمی کردی ہے۔ پنجاب میں23 ستمبر سے مارکیٹیں رات10 بجے تک کھل سکیں گی اور صرف اتوار کو بند رہیں گی۔ صوبے میں مزارات بھی کھل جائیں گے۔ اِن ڈور ڈائننگ50 فیصد ویکسی نیٹڈ افراد کے ساتھ رات 12 بجے تک ہوگی۔ صوبے میں سنیما گھروں پر پابندی برقرار رہے گی۔ ہر قسم کے کانٹیکٹ سپورٹس فیسٹیولز اور سماجی تقریبات پر بھی پابندی ہوگی جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد مسافروں کی گنجائش سے چلے گی۔ کرونا وائرس کی چوتھی لہر میں کمی آنے لگی۔ کرونا وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد اموات میں بھی کمی ہونے لگی۔ ملک کرونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں ایک بار پھر31 ویں نمبر پر آ گیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید2 ہزار333 کیسز سامنے آئے ہیں۔ مزید47 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے۔ اس کے مزید 3ہزار 261مریض شفایاب ہو گئے۔ جبکہ مثبت کیسز کی شرح4 اعشاریہ56 فیصد ہو گئی۔ انسداد کرونا ویکسین‘ سائنو ویک اور سائنو فارم کی 1 کروڑ خوراک پاکستان پہنچا دی گئی۔ ویکسین حکومت پاکستان کی طرف سے خریدی گئی ہے۔ سائنو ویک ویکسین کی مزید 30 لاکھ اور سائنو فارم کی مزید 70 لاکھ ویکسین کی خوراکیں پاکستان پہنچا دی گئیں۔