ایچ ای سی کی اپنے ہی قوانین کیخلاف پی ایچ ڈی اپرووڈ سپروائزر کی تقرری
اسلام آباد (چوہدری شاہد اجمل) ہائیر ایجوکیشن کمشن کی طرف سے اپنے ہی قوانین کے خلاف پی ایچ ڈی اپرووڈ سپروائزر بنانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ آرٹس کی ڈگری رکھنے والے پروفیسرز کو قواعدو ضوابط کے خلاف سائنس کے ڈسپلن کا سپروائزر بنا دیا گیا ہے۔ یونیورسٹیوں کے اساتذہ نے اس معاملے کی چھان بین کے بعد ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہائیر ایجوکیشن کمیشن( ایچ ای سی) کی طرف سے قواعد کے خلاف اپرووڈ سپروائزر بنانے کا معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ایچ ای سی کی پروجیکٹ ڈائریکٹر کی طرف سے کراچی یو نیورسٹی کے ایک اکنامکس کی ڈگری رکھنے والے پروفیسر کو فیکلٹی آف منیجمنٹ سائنسز/بزنس ایڈمنسٹریشن میں پی ایچ ڈی کا اپرووڈ سپر وائزر مقرر کر دیا گیا، یہ فیصلہ ایچ ای سی کی اپنی ہی لسٹ آف ڈسپلن کے خلاف ہے۔