حکومت سی پیک کے ثمرات میں گلگت بلتستان کے عوام کو شراکت دار بنانے کیلئے اقدامات کررہی ہے.مراد سعید
وزیرمواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ حکومت چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ثمرات میں گلگت بلتستان کے عوام کو شراکت دار بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کررہی ہے۔
بدھ کے روز اسلام آباد میں گورنر گلگت بلتستان جلال حسین مقپون سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک ملک کے دیگر حصوں کی طرح اس علاقے کیلئے بہت سے ثمرات لائے گا۔انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ سے ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونے میں مدد ملے گی اور مقامی آبادی کی معیشت مستحکم ہوگی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا اہم یونٹ ہے اور یہ بے پناہ قدرتی اور سیاحتی وسائل سے مالامال ہے۔