دورہ پاکستان ، زمبابوے کے 25رکنی تربیتی سکواڈ کا اعلان
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )زمبابوے نے مجوزہ دورہ پاکستان کے لیے 25 رکنی تربیتی سکواڈ کا اعلان کر دیا۔آل راؤنڈر چمو چیبھا بھا کی قیادت میں مہمان ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، ٹیم میں برینڈن ٹیلر، سکندر رضا اور اروائن جیسے سینئر کھلاڑی بھی شامل ہیں۔پاکستان اور زمبابوے کی محدود اوورز کی سیریز نومبر میں پاکستان میں ہوگی جس کیلئے پی سی بی نے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔پی سی بی نے بائیوسیکیور انتظامات کیلئے انگلش بورڈ سے ہدایات حاصل کی ہیں۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ زمبابوے کی ٹیم کو بائیو سیکیور سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ملتان کو پاک زمبابوے ون ڈے انٹرنیشنل کی میزبانی ملنے کا امکان ہے اور اس سلسلے میں گراؤنڈ کی تزین و آرائش اور تیاریاں کی جارہی ہیں۔ملتان سٹیڈیم 12 سال بعد کسی ون ڈے انٹرنیشنل کی میزبانی کریگا۔2008ء میں آخری بار ملتان میں میچز کا انعقاد کیا گیا تھا۔ زمبابوے کا 5 سال میں پاکستان کا یہ دوسرا دورہ ہے۔چیئرمین زمبابوے کرکٹ بورڈ تیونگوا موخولانی پْرامید ہیں کہ انہیں دورہ پاکستان کی اجازت مل جائے گی۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کیلئے نئی ونڈو تلاش کرنے پر دونوں بورڈزکی مشاورت جاری ہے۔پاکستان نے رواں ماہ جنوبی افریقہ میں مختصر دورانیہ کی سیریز کیلئے جانا تھا تاہم کروناکی وجہ سے اس سیریزکوفی الحال ملتوی کیا جاچکا ہے۔ جنوبی افریقہ میں ابھی تک کرکٹ کی سرگرمیوں کا آغاز نہیں ہوسکا۔ذرائع کے مطابق میزبان بورڈ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریزکوممکن بنانے کیلئے کام ہورہا ہے، کرونا وائرس کی وجہ سے شیڈول کی تیاری ایک مشکل مرحلہ ہے۔نئی ونڈو نکال کراس سریزکویقینی بنایاجائے گا۔ پی سی بی نے بھی ٹیم مصروفیات کا اپنا شیڈول انہیں بھیج رکھا ہے۔ یاد رہے کہ جنوبی افریقی حکومت نے ایک ماہ کیلئے تمام سرگرمیاں معطل کرتے ہوئے کرکٹ بورڈ کے معاملات اپنے ہاتھ میں لے لیے ہیں، بورڈ معاملات میں حکومتی دخل اندازی کے باعث جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم پر پابندی لگ سکتی ہے۔