6کرکٹ ایسوسی ایشنز کے سیکنڈ الیون میں کرکٹرز ‘سٹاف کا دوسرا کرونا ٹیسٹ منفی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے سیکنڈ الیون میں شامل دو افرادکے علاوہ باقی تمام کھلاڑیوں اور سپورٹنگ سٹاف کے دوسرے ٹیسٹ کی رپورٹ بھی منفی آئی ہے۔ دو افراد کی رپورٹ آنا باقی ہے۔ مسلسل 2 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کے بعد اب یہ تمام کھلاڑی اور سپورٹ سٹاف نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے لاہور میں بنائے گئے بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن جائیں گے جہاں آپس میں ملنے جلنے کی مکمل آزادی ہوگی۔ رپورٹ منفی آنے کے بعد مریدکے کنٹری کلب کے سنٹرل سٹیشن پر موجود بلوچستان اور سندھ کے سیکنڈ الیون سکواڈز بھی پی سی ہوٹل لاہور پہنچ گئے ہیں ۔کھلاڑی یکم اکتوبرسے شروع ہونیوالے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کی تیاریوں کا آغاز کریں گے۔ سنٹرل پنجاب، خیبرپی کے، ناردرن اور سدرن پنجاب کے سکواڈز پہلے سے ہی لاہور میں موجود ہیں۔