30 ستمبر سے صوبہ بھر میں سکول مکمل کھل جائیں گے:راجہ بشارت
لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر قانون، پارلیمانی امور و سوشل ویلفیئر راجہ بشارت نے کہا ہے کہ موثر حکومتی اقدامات کی بدولت اس وقت پنجاب میں کرونا متاثرین اور اموات کی شرح ملک میں سب سے کم ہے حالانکہ ہمسایہ ممالک میں کورونا کیسز کی تعداد پھر بڑھ رہی ہے۔وہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ ہاؤس میں کابینہ کمیٹی برائے انسداد کرونا کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں، صوبائی وزیر سکولز مراد راس، آئی جی پنجاب اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز بھی اس موقع پر موجود تھے۔راجہ بشارت نے کہا کہ 30 ستمبر سے صوبہ بھر میں سکول مکمل کھل جائیں گے ۔تاہم والدین سے اپیل ہے کہ وہ بچوں کو مکمل احتیاطی تدابیر کے ساتھ سکول بھجوائیں نیز انہیں اس حوالے سے آگاہی بھی دیں۔