فوج ابھرتے چیلنجز سے آگاہ، خطرات کا جواب دینے کیلئے تیار: جنرل باجوہ
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز جہلم کے نزدیک فائرنگ رینج کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سٹیٹ آف دی آرٹ، تیسری جنریشن کے چینی ساختہ مین بیٹل ٹینک وی ٹی۔4 کی کارکردگی کا مظاہرہ دیکھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موثر جنگی مشین کو فوج کے سپرد کئے جانے کے بعد اسے سٹرائیک فارمیشنز میں جارحانہ کردار سونپا جائیگا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وی ٹی فور کسی بھی جدید ترین ٹینک کا مقابلہ کرتا ہے جسے ایڈوانس آرمر پروٹیکشن، تحرک و پھرتی، فائر پاور کی استعداد کے حامل نظاموں اور دیگر جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس کیا گیا ہے۔ اس موقع پر افسروں اور جوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے وی ٹی فور کی کارکردگی کے مظاہرے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ حال ہی میں ملکی ساختہ مین بیٹل ٹینک الخالد کی شمولیت کے بعد یہ بری فوج کی آرمرڈ کور میں دوسرے ٹینک کی شمولیت ہو گی۔ دشمن کے عزائم ناکام بنانے کیلئے اس شمولیت کی بدولت پاکستان کی مجموعی دفاعی صلاحیت مزید مستحکم ہو گی۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج ابھرتے ہوئے چیلنجوں اور علاقائی خطرات سے بخوبی آگاہ ہے۔ ہم دفاع وطن کو لاحق داخلی اور بیرونی تمام چیلنجوں پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ ملک کی سالمیت، خودمختاری اور سلامتی کو لاحق تمام خطرات کا برابر کا جواب دینے کیلئے بالکل تیار ہیں۔ انہوں نے جدید عہد کے جنگی تقاضوں سے عہدہ برا ہونے کیلئے فوجی دستوں کی آپریشنل تیاری، عمدہ تربیتی معیار، اور پیشہ ورانہ استعداد کی تعریف کی۔