پولیس سروسز کی دہلیزپر فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے:ڈی آئی جی آپریشنز
لاہور(نامہ نگار)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے کہا ہے کہ آئی جی پنجاب کیپٹن(ر) عارف نواز خان کے ویژن کے مطابق موبائل پولیس خدمت مرکز مختلف مقامات پر شہریوں کو پولیس سروسز اُن کے گھر کی دہلیز پر فراہمی یقینی بنا رہاہے ۔ سٹریٹ کرائمز میں کمی کیلئے ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو ٹیمیں انسدادی کارروائیوں میں تیزی لائیں۔موبائل پولیس خدمت آج نزد شیزان فیکٹری، منگل موڑ مسلم ٹائون، بدھ چوک اڈہ پلاٹ ، جمعرات ٹھوکر نیاز بیگ، جمعہ آئیڈیل پارک کالج روڈاوربروز ہفتہ ہمدرد چوک مادرِ ملت روڈپر فرائض سرانجام دے گا۔ شہریوں کوکریکٹرو ویریفیکیشن سرٹیفکیٹس، گمشدگی رپورٹس، کرایہ داروںکا اندراج اور لائسنسنگ سمیت14 سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ون ویلنگ،ہوائی فائرنگ اور دیگر قانون شکن سرگرمیوں میں ملوث عناصر کیخلاف زیرو ٹالرنس اپنائیں۔گذشتہ ہفتے کے دوران ڈولفن سکواڈاورپولیس ریسپانس یونٹ کے جوا ن ہیلپ لائن 15 پر موصول552کالز پرریسپانس عمل میں لائے۔دوران گشت ملزمان کے قبضہ سے ایک کار،35موٹر سائیکلیں،8موبائل فونز اور73ہزارروپے سے زائد نقدی برآمد کی گئی۔اسلحہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے18پسٹلز،8 رائفلز،15 میگزین اور813 گولیاں برآمد کیں۔ کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دیتے ہوئے50 افراد کی مدد کی گئی۔دوران پٹرولنگ163 گاڑیوں،ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد موٹر سائیکلوںاور82ہزارسے زائد اشخاص کی چیکنگ عمل میں لائی گئی جبکہ13گاڑیوں،127موٹر سائیکلوںاور289اشخاص کوکوائف نامکمل ہونے پر حراست میں لیا گیا۔ ون ویلنگ میں 70 ، ہوائی فائرنگ میں4 اور پتنگ بازی کی خلاف ورزی پر21 افراد کو گرفتار کیاگیا۔ڈولفن سکواڈ اورپولیس ریسپانس یونٹ کے جوانوں نے دوران پٹرولنگ50 عادی مجرمان کو بھی گرفتار کیا۔