فیروزوالہ میں کیمیکل ملے دودھ کی فروخت عروج پر‘ انتظامیہ تماشائی
فیروزوالہ (نامہ نگار ) )شاہدرہ، تحصیل فیروزوالہ اورمریدکے میں کیمیکل دودھ کی فروخت کا دھندہ عروج پر پہنچ گیااس گھنائونے دھندے کی روک تھام میں انتظامیہ اور فوڈ اتھارٹی ناکام ،شہری مضر صحت دودھ استعمال کرنے سے مختلف بیماریوں کا شکار ، خصوصاً بچوں کی صحت دائو پر لگ گئی، شہری حلقے تشویش کا شکار،اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کی اپیل ، ذرائع کے مطابق ان علا قوں میںشیر فروشی کی سینکڑوں دکانیں قائم ہیں جن میں سے بعض دکاندار دودھ کے نام پر مختلف کیمیکلز سے تیارشدہ جعلی مضر صحت دودھ فروخت کرکے انسانی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں جنہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، شہریوں کی طرف سے بار بار شکایات کے باوجود نہ تو ضلعی انتظامیہ حرکت میں آئی ہے اور نہ ہی فوڈ اتھارٹی کوئی کاروائی کرتی دکھائی دے رہی ہے جس سے شہریوں میں پائی جانیوالی تشویش میں اضافہ ہوا ہے جبکہ اس مضر صحت جعلی کیمیکل زدہ دودھ کے استعمال سے مختلف بیماریوں کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے، جن میں سے زیادہ تر تعداد شیر خوار بچوں کی ہے جو دودھ کے نام پر فروخت کیا جانیوالا زہر روزانہ پینے پر مجبور ہیں،شہری حلقوں نے ڈپٹی کمشنر سید طارق محمود بخاری اوردیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نہ صرف زہریلے کیمیکلز دودھ کو تیار اور فروخت کرنے والے سماج دشمن دکانداروں کے خلاف فوری سخت کاروائی عمل میں لائی جائے بلکہ فوڈ اتھارٹی کا قبلہ درست کرنے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ انسانی زندگیوں سے کھیلنے والوں کو یوں کھل کھیلنے کا موقع نہ مل سکے۔