ڈینگی : پنجاب 5، کراچی مزید 2افراد جاں بحق، 10ہزار افراد وائرس متاثر
اسلام آباد، کامونکے (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں+ نامہ نگار) ڈینگی کے وار مسلسل جاری ہیں۔ چوبیس گھنٹے میں پنجاب میں مزید 5 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ صوبے میں 465 نئے مریض مختلف ہسپتالوں میں داخل ہوئے ہیں۔ کراچی میں ڈینگی نے مزید 2 افراد کی جان لے لی۔ رواں سال کراچی میں ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہو گئی۔ ڈینگی کا مرض آزاد کشمیر تک بھی پہنچ گیا، مظفر آباد، کوٹلی اور میرپور میں درجنوں مریض ہسپتالوں میں لائے جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 10 ہزار سے زائد افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، آئندہ دنوں میں ڈینگی سے متاثرہ افرادکی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے، حکومت ڈینگی کی روک تھام کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، ڈینگی کے مسئلے کوسیاسی جماعتیں فٹ بال نہ بنائیں، ڈینگی کے معاملے پر بعض پارٹیاں سیاست کر رہی ہیں۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ حکومت ڈینگی کی روک تھام کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اس حوالے سے صوبے بھی اپناکردار ادا کر رہے ہیں۔ پنجاب میں70فیصد ڈینگی کے مریضوں کا تعلق پوٹھوہار سے ہے۔ پنجاب میں 2363 ڈینگی کے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے، سندھ میں 2258، خیبر پختونخوا میں 1514 اوربلوچستان میں 1772 ڈینگی کے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ ڈینگی سے متعلق معلومات کے لئے ہاٹ لائن قائم کردی گئی ہے، اسلام آباد میں ڈینگی کنٹرول اینڈ آپریشن سینٹر بنا دیا گیا ہے۔ کامونکے سے نامہ نگار کے مطابق محلہ سلامت پورہ کے رہائشی نثار احمد کے چودہ سالہ بیٹے حمزہ نثار میں بھی ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو گئی‘ مقامی ہسپتال میں علاج معالجہ کی سہولتیں میسر نہ ہونے کی وجہ سے حمزہ نثار کو گوجرانوالہ ریفر کر دیا گیا۔