مودی دور میں ملک کی معاشی ترقی 8سے کم ہوکر 5فیصد رہ گئی : بھارتی رہنما
نئی دہلی(صباح نیوز)بھارت کی سوشل ڈویلپمنٹ پارٹی کے رہنما اور مسلم پولیٹیکل کونسل انڈیا کے صدرڈاکٹر تسلیم رحمانی نے بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کے دور میں بھارت کی معاشی ترقی کی رفتار آٹھ فیصد سے کم ہو کر پانچ فیصدہو گئی ۔ ہجوم کے ہاتھوں تشدد اور قتل کے واقعات پر شرمندہ ہونا چاہئے لیکن اس کے مجرم اپنی ویڈیوز فخریہ انداز میں سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہیں۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تسلیم رحمانی کا کہنا تھا کہ اگر ہجوم کے ذریعہ کسی کو قتل کرنا جرم ہے تو ایسا کرنے والے کو ڈرنا چاہئے لیکن وہ ڈرنے کی بجائے ویڈیو بنا کر اپنی صورت دکھا رہا ہے کہ میں مار رہا ہوں، ساری دنیا دیکھے کہ میں مار رہا ہوں اور پھر اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر وائرل کرے کہ لاکھوں لوگ اس ویڈیو کو دیکھیں ، اس کا مقصد کیا ہے کہ دیکھنے والا خوفزدہ ہو جائے اور اس کے بعد ہمارے وزیر اعظم مودی آٹھویں کلاس پاس نہیں ہوئے ہیں ، دلی یونیورسٹی سے ڈگری جعلی نکلی، ایک عدد بیوی سنبھال نہ پائے اور چھوڑ کر بھاگ گئے ، 25،30سال کی زندگی اندھیرے میں ہے کچھ پتہ نہیں کہ یہ شخص کہاں تھا، ایک ایسا شخص وزیر اعظم بن کر آتا ہے تو اب وہ سائنس بھی پڑھا رہا ہے، ریاضی بھی پڑھا رہا ہے، کیمسٹری بھی پڑھا رہا ہے اور معاشیات بھی پڑھا رہا ہے ، ارے آٹھویں آپ پاس نہیں ہوئے اور 10 ویں جماعت کے بچے امتحان کیسے پاس کریں وہ ٹی وی پر کھڑے ہو کر پڑھا رہا ہے۔ ملک کی بدقسمتی ہے کہ پانچ ٹریلین کی معیشت بنانے والے آدمی نے آٹھ فیصد جی ڈی پی کو پانچ فیصد پر پہنچا دیا۔