کام نہ کرنے والے افسروں ، اہلکاروں کیخلاف کاروائی کا آغاز کردیا: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت کی راہ میں کوئی رکاوٹ قبول نہیں۔ عوام کی خدمت اور کام نہ کرنے والے افسروں اور اہلکاروں کے خلاف بلاامتیازکارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ خدمت کے عہد کو نبھانے کیلئے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالا ہے۔ صوبے کے عوام کی فلاح وبہبودکیلئے ہرممکن حد تک جائیں گے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ ماضی میں خودنمائی پر زور تھا۔ سابق دور کی طرح نمائشی منصوبوں پر قوم کا پیسہ ضائع نہیں کریں گے۔ ایسے منصوبے شروع کئے ہیں جس کا فائدہ براہ راست عوام کو ہوگا۔ ماضی میں صوبے کے عوام بنیادی سہولتوں کے لئے ترستے رہے اورپسماندہ علاقوں کے فنڈز من پسند منصوبوں پر خرچ کر کے عوام کی محرومیوں میں اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے جنوبی پنجاب کے لئے مختص فنڈز کو کسی اور جگہ استعمال کرنے پر پابندی لگا دی ہے اورجنوبی پنجاب کیلئے اعلان کردہ ترقیاتی فنڈ ز صرف جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے استعمال ہو ں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج تمام انسانی اخلاقیات کو پامال کر رہی ہیں۔ نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے اپنے لئے گڑھا کھودا ہے۔ ماؤں اور بہنوں کی آہیں رنگ لائیں گی۔ کشمیر میں شمع آزادی بجھنے نہیں پائے گی۔ اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیرکی آزادی کی جنگ ہر محاذ پرجرات، بہادری اور مدلل انداز سے لڑ رہے ہیں اور ان کی ولولہ انگیز قیادت میں تنازعہ کشمیر بین الاقوامی مسئلہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی جان لے کہ ظلم کے دن تھوڑے ہیں۔ ظالم کو جلد فنا ہونا ہے اور حق و سچ کا دور آنا ہے۔ مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہیں گے۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ میں سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود، ولی عہد محمد بن سلمان اورشاہی خاندان کو بھی سعودی عرب کے قومی دن پردل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ قیادت کی سربراہی میں سعودی عرب نے ترقی کی نئی منازل طے کی ہیں۔ پاکستان کے سعودی عرب سے مضبوط اور دوستانہ تعلقات صدیوں پرانی ثقافتی و معاشی شراکت پر مبنی ہیں۔ اور دنیا کے لئے مثال ہے۔ آزمائش کے ہر موقع پر سعودی عرب نے پاکستان کی ہر ممکن مدد کی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بابو سرٹاپ کے قریب بس کے حادثے میں فوجی جوانوں سمیت دیگر قیمتی انسانی جانو ں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانو ں کے ساتھ ہیں اور اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے۔ علاوہ ازیں پنجاب اینٹی کرپشن کی کارکردگی پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد کرپشن کے خاتمے اور بے لاگ احتساب کے نعرے پر رکھی گئی۔ پنجاب اینٹی کرپشن نے پچھلے ایک سال میں پنجاب بھر میں کرپشن کی 27,127 شکایات کو حل کیا اور 103 ارب روپے کی تاریخی ریکوری کی۔ ایک سال میں 2،014 کیسز کا فیصلہ جاری ہوا اور 1،821 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ احتساب کا یہ عمل مسلسل جاری رکھا جائیگا تاکہ عوام کا اداروں پر اعتماد بحال ہو۔