سرائے مغل: تین مغوی بچے بھکھی سے بازیاب‘ ملزم گرفتار
قصور+ بھکھی(نمائندہ نوائے وقت+نامہ نگار) تھانہ سرائے مغل پولیس کی بروقت کاروائی سے تین مغوی بچے بازیاب کر کے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بلیئر چک 46کے رہائشی رشید نے تھانہ سرائے مغل میں گزشتہ روز مقدمہ درج کروایا کہ میرے دو بیٹے انیل احمد 11سال اور عاطف 9سال جامعہ دارالعلوم فاروقیہ میں دینی تعلیم حاصل کرتے ہیں 15 سالہ اختیار بھی اسی مدرسہ میں تعلیم حاصل کرتا ہے،13ستمبر کو محمد مجاہد میرے دونوں بیٹوں اور اختیار کو اغوا کرکے لے گیا۔ مدرسہ انتطامیہ کیساتھ اپنے بچوں کی تلاش کرتا رہا لیکن بچوں کا کوئی پتہ نہ چل سکا، جس پر تھانہ سرائے مغل پولیس نے فوری مقدمہ درج کرکے ملزم مجاہد کی تلاش شروع کردی۔ ڈی پی اوقصور زاہد نواز مروت کی خصوصی ہدایات پر سپیشل ٹیم تشکیل دی گئی اور گزشتہ رات ضلع شیخوپورہ کے علاقہ بھکی سے ملزم مجاہد کو گرفتار کرکے تینوں بچوں انیل، عاطف اور اختیار کو بازیاب کروا لیا گیا، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔