12 قومی کرکٹرز پہلی بار ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے انٹرنیشنل کھیلیں گے
لاہور(نمائندہ سپورٹس )فاسٹ بائولر محمد عامر، آل راونڈر عماد وسیم اور افتخار احمد سمیت قومی ٹیم کے 12 کھلاڑی پہلی بار ہوم گراؤنڈ پر ہوم کراوڈ کے سامنے انٹرنیشنل ون ڈے میچ کھیلیں گے۔پاکستان اور سری لنکا کرکٹ ٹیمیں پہلے تین ون ڈے میچز کراچی میں کھیلیں گی، نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے ان میچز کے لیے پاکستان 16 رکنی سکواڈ کا اعلان کر چْکا ہے۔قومی ٹیم کے سکواڈ کے 12 کھلاڑی ایسے ہیں جو پہلی مرتبہ ہوم گراونڈ پر ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے۔ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے محمد عامر بھی پہلی بار ہوم کراوڈ کے سامنے ون ڈے انٹرنیشنل کھیلیں گے۔فخر زمان، عماد وسیم، امام الحق، شاداب خان اور عثمان شنواری کو بھی ہوم گراؤنڈ پر پہلی بار ون ڈے میچ کھیلنے کا موقع ملے گا۔دوسری جانب محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، افتخار احمد، عابد علی اور آصف علی بھی ہوم گراونڈ پر ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کے منتظر ہیں۔