ٹی ٹین لیگ سے کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع ملیں گے:عاطف رانا
لاہور(نمائندہ سپورٹس) لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا کا کہنا ہے کہ ٹی ٹین لیگ میں شمولیت سے نوجوان کھلاڑیوں کو صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع ملیں گے۔ ہم نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ ہر سطح پر کرکٹرز کے لیے بہتر مواقع پیدا کیے جائیں۔ ٹی ٹین تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے ذریعے لاہور قلندرز نے ملک بھر کے نوجوانوں کو بہترین سہولیات اور صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کیے ہیں۔ ہم نے کرکٹ کے حقیقی رنگ کو سامنے رکھتے ہوئے مقابلوں کا انعقاد کیا ہے۔ عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرتے ہوئے کرکٹ کروانے پر توجہ دی ہے۔ پاکستان میں گراس روٹ لیول پر کام کرتے ہوئے مقدار اور معیار میں توازن رکھا ہے۔ کسی بھی سطح پر معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ ٹی ٹین میں قلندرز کی شمولیت سے یقینا پاکستان کے نوجوان کرکٹرز کو فائدہ ہو گا۔لاہور قلندرز پاکستان کی واحد فرنچائز ہے جس کے مختلف ممالک سے معاہدے ہیں اور ان معاہدوں کے تحت کئی نوجوان کرکٹرز سال بھر بہترین کوچنگ اور معیاری کرکٹ کھیلتے ہوئے خود کو پاکستان کی نمائندگی کے لیے تیار کرتے ہیں۔