نئے پاکستان کے دعویداروں نے غریب عوام سے آخری نوالہ بھی چھین لیا:اشرف بھٹی
لاہور(خبر نگار )پیپلز پارٹی لاہور کے سنیئر نائب صدر محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ اپنی ابتدائی حکومت کے پہلے سو دنوں میں نئے پاکستان بنانے کے دعوے داروں نے عوام سے روٹی کا نوالہ بھی چھیننا شروع کردیا ہے اور صرف ایک ماہ کے اندر ہی پی ٹی آئی نے مہنگائی کا طوفان برپا کرکے عوام کی چیخیں نکلوانا شروع کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرحکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تو پھر ہم بھرپور احتجاج کرینگے عوام دشمن حکومت کی نااہلی کھول کر سامنے آرہی ہے پاکستانی عوام پر ایسی جمہوری حکومت زبردستی مسلط کردی گئی ہے جس کا غریب عوام سے دور کا بھی تعلق نہیں ہے اگر مہنگائی کی یہی رفتار رہی تو عوام خود ہی حکومت کیخلاف سڑکو ںپر نکل آئیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں جو بھی نئی حکومت آتی ہے وہ سب سے پہلے عوام کو ریلیف دیتی ہے لیکن تحریک انصاف کی حکومت نے ریلیف کی بجائے عوام کو پریشانی سے دوچار کردیا ہے۔