مقبوضہ کشمیر : مزید 5کشمیری شہید، بھارتی فوج کا ماتمی جلوسوں پر دھاوا، بیسیوں زخمی و گرفتار
سرینگر (اے پی پی، آن لائن) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوںنے ریاستی دہشت گردی کی تارہ کارروائی کے دوران ضلع بانڈی پورہ میں پانچ نوجوان شہید کر دیئے۔ جبکہ یوم عاشور کے جلوسوں پر بھارتی فورسز نے دھاوا بول دیا جس سے بیسیوں افراد زخمی ہوگئے جبکہ متعدد کو گرفتار کرلیا گیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوںنے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے سملر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔بھارتی فوجیوںنے سملر کو جمعرات کو محاصرے میں لیکر تلاشی کی کارروائی شروع کی تھی ۔ بھارتی فوج نے نوجوانوں کو عسکریت پسند قرار دے دیا۔ قابض فوجیوں نے جمعرات اور جمعہ کو شام گئے تک جاری رہنے والی تلاشی کی کارروائی کے دوران پانچ نوجوان شہید کر دیئے۔قابض انتظامیہ نے نوجوانوں کی شہادت پر احتجاجی مظاہرے روکنے کیلئے ضلع بانڈی پورہ میں بڑی تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کر دیئے۔ انتظامیہ نے طلباء کو احتجاجی مظاہروں سے روکنے کیلئے ڈگری کالج بانڈی پورہ سمیت تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔اس موقع پر زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ دریں اثنا ضلع شوپیاں کے علاقے شر مال میں لوگوں نے قابض فورسز کی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے خلاف سڑکوں پر نکل کر زبردست احتجاجی مظاہرے شروع کر دیے ۔ قابض اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پیلٹ چلائے اور آنسو گیس کی شیلنگ کی جس کے بعد قابض اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں شروع ہو گئیں۔ اطلاعات کے مطابق قابض فورسز کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال کے نتیجے میں چھ افراد زخمی ہو گئے ۔ ادھر بھارتی فورسز نے جنوبی ضلع پلوامہ کے دس دیہات لاسی پورہ، آرمولہ ، عالی پورہ، بٹ نور، گاربگ، نوپورہ پائیں، حجدار پورہ، اچھان وغیرہ میںمحاصرے اور تلاشی کی ایک بڑی کارروائی شروع کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی فوج، سپیشل آپریشنز گروپ اورسنٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں نے گذشتہ روز صبح سویرے ضلع کے دیہات کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی شروع کر دی جو آخری اطلاعات تک جاری تھی۔قابض فورسز نے متعدد گھروں کو بھی بارود سے اڑا دیا۔ سری نگر میں یوم عاشور کے جلوس پر پولیس نے دھاوا بول دیا،اور درجنوں عاشقان حسین کو گرفتار کر لیا۔بھارتی دہشت گردی سے ایک ہفتے کے دوران 23 کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس ’’گروپ‘‘ کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ عزاداروں کے خلاف طاقت کا بے تحاشا استعمال اور گرفتاریاں ریاستی دہشتگردی کے مترادف ہے۔ایک بیان میں حریت رہنما نے کہا کہ محرم الحرام کے مقدس موقع پر جلوسوں پر پابندی عزاداروں کے خلاف طاقت کا بے تحاشا استعمال اور انہیں گرفتار کر کے تھانوں میں ڈالنا مداخلت فی الدین اور ریاستی دہشت گردی ہے۔