چک امرو: کرتار پور دربار صاحب میں بابا گورو نانک دیوجی کی 479ویں جوتی جوت وفات کی تین روزہ تقریبات ختم کثیر تعداد میں سکھ یاتریوں کی شرکت
چک امرو، شکر گڑھ (نامہ نگاران) کرتار پور دربار صاحب میںبابا گورو نانک دیو جی کی 479 ویں جوتی جوت وفات کی تین روزہ رسومات میں سکھ یاتریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جوتی جوت کی تین روزہ تقریبات کا سلسلہ 22 ستمبر تک جاری رہا جس میں ملک بھر سے سکھ یاتریوں اور مقامی زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ محکمہ اوقاف کی جانب سے دربار کی تزئین وآرائش اور صفائی ستھرائی کے اعلیٰ انتظامات کئے گئے تھے جبکہ محکمہ صحت کی جانب سے میڈیکل کیمپ بھی لگا یا گیا تھا۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے اور زائرین کے لیے لنگر کا بندوبست بھی کیا گیا۔ یاتریوں نے انتظامات اور سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سکھ یاتریوں نے حکومت پاکستان، حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے کہا کہ پاکستان سے ہمیشہ ہمیں محبت و احترام ملا اور یہاں آکر اپنائیت کا احساس ہوا۔ دریں اثنا ایم پی اے رامیش سنگھ اروڑا نے کہا کہ کرتار پور بارڈر کھولنا سکھوں کا دیرینہ مطالبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔