مکرمی! عوام نے عمران خان کو ووٹ ان کے وعدوں نیا پاکستان غریب عوام کو انصاف‘ ہسپتال‘ ادویات‘ تعلیم‘ اشیائے خوردونوش‘ پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کے وعدہ پر دیا۔ عوام کو گورنر ہائوس کی سیر‘ اورنج ٹرین‘ جنگلہ بس سے کوئی غرض نہیں‘ وہ اولین ترجیحات میں بجلی‘ گیس کی کمی‘ علاج‘ انصاف‘ اشیائے خوردونوش‘ صاف پانی‘ سیوریج پانی کے نکاس‘ نوجوان نسل کو گٹکے‘ آئس شیشہ‘ چرس‘ شراب‘ ہیروئن‘ افیون اور موبائل فون جیسی لعنت سے نجات دلانے اور اوپر دی ہوئی تمام اشیاء کو قابل دسترس چاہتے ہیں۔ عمران خان کے کئے وعدے منتشر ہوتے نظر آرہے ہیں۔ گورنرہائوس کو پبلک کیلئے اتوار کو کھولنا کیا غریب عوام کو گورنر ہائوس کھول کر بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔ لاہور کا گورنر ہائوس ایک بہترین ہسپتال بن سکتا ہے۔ اسی طرح وزیراعظم ہائوس کو کالج بنانا اچھا اقدام ہے۔ اصل میں عمران خان کو جو ٹیم ملی ہے‘ وہ ناتجربہ کار ہے۔ عمران خان نے آتے ہی عوام پر مہنگائی کا بم گرا دیا۔ سوئی گیس کی قیمتوں کو صارفین کی پہنچ سے باہر کر دیا۔ عمران خان مدینہ کی ریاست کا خواب دیکھنے والے مدینہ ریاست کا بننا ایک مشکل کام ہے۔ سب سے پہلے وزیراعظم 20 مرلے کے مکان میں رہو۔ 1400 سی سی کی گاڑی میں سفر کرو‘ اسمبلی سے بطور ممبر اور وزیراعظم مراعات نہ لو۔ پروٹوکول بالکل ختم کر دو‘ مہاتیر محمد‘ نیلسن منڈیلا‘ کمال اتاترک‘ مائوزے تنگ‘ چو این لائی بننے کیلئے قربانی دینی پڑتی ہے جو کوئی نہیں دے رہا۔(طاہر شاہ سابق فرسٹ کلاس کرکٹر دھرمپورہ لاہور)
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024