مشکل حالات میں ملک چھوڑ کر جانے والوں میں سے نہیں‘ مسائل ہیں مگر ملک کی خاطر پیپلز پارٹی کے وزرا شہبازشریف کو برداشت کریں : صدر زرداری
لاہور (سٹاف رپورٹر + ایجنسیاں + مانیٹرنگ ڈیسک + وقت نیوز) صدر آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی پنجاب کے وزرا کو ہدایت کی ہے کہ ملک اور جمہوریت کے لئے شہباز شریف کو برداشت کریں اور مسلم لیگ کا ساتھ دیں۔ پیپلز پارٹی پنجاب کے وزرا کا خصوصی اجلاس ایوان صدر میں ہوا جس میں پنجاب سے تعلق رکھنے والے تمام وزرا نے شرکت کی۔ پیپلز پارٹی کے اہم ذرائع کے مطابق وزرا نے پنجاب حکومت کے خلاف اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ صدر آصف علی زرداری کو شکایت کی کہ پنجاب میں حکومتی امور پر انہیں اعتماد میں نہیں لیا جاتا‘ جس پر صدر زرداری نے کہا کہ ملک کی خاطر شہباز شریف کو برداشت کریں۔ پیپلز پارٹی کے وزرا کی قیادت سینئر صوبائی وزیر راجہ ریاض کر رہے تھے شریک وزراءمیں صوبائی وزیر خزانہ تنویر اشرف کائرہ، اشرف سوہنا ،حاجی محمد اسحاق، ڈاکٹر تنویر الاسلام اورفاروق یوسف گھرکی شامل تھے۔ راجہ ریاض نے صدر کو سیلاب زدہ علاقوں کی بحالی، امدادی سرگرمیوں کے لئے پنجاب حکومت اور پارٹی کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ صدر نے پنجاب کے صوبائی وزرا کو صبر و تحمل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹھیک ہے کہ پنجاب میں مسائل ہیں، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کا تحفظ کیا ہے اور جمہوریت کی مضبوطی کے لئے ہی پیپلز پارٹی پنجاب کو شہباز شریف کو برداشت کرنا ہو گا۔ حکومت اور پیپلز پارٹی پر تنقید کے باوجود ہمیں نواز شریف کو ساتھ لیکر چلنا چاہئے ورنہ غیر سیاسی قوتیں انہیں استعمال کر سکتی ہیں۔ اجلاس میں شریک ایک اہم ذریعہ کا کہنا ہے کہ صدر نے کہا کہ جیسے بھی حالات ہوں ہمیں ملک اور جمہوریت چلانی آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف عدم اعتماد اپوزیشن کا حق ہے تاہم ان کے پاس عدم اعتماد کے لئے تعداد پوری نہیں، اگر انہیں حکومت کا شوق ہے تو ہمارے ساتھ بیٹھ کر بات کریں ہم ساری حکومت انہیں دیدیں گے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے صوبائی وزرا سے کہا کہ چھوٹے موٹے مسائل سے صرف نظر کرتے ہوئے وہ ملک اور جمہوریت کی مضبوطی کی خاطر مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیں۔ دیگر اطلاعات کے مطابق اجلاس میں پنجاب سمیت ملک بھر میں مسلم لیگ (ن) کے خلاف جارحانہ پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ پنجاب میں پارٹی کے وزرا کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہوں لیکن اس وقت صرف برداشت کرنا ہو گا‘ حالات مشکل ہیں تاہم صدر نے وزرا کو پنجاب کابینہ کا حصہ رہنے کی ہدایت کی۔ صدر زرداری نے کہا کہ وزرا زیادہ سے زیادہ وقت سیلاب زدگان کی امداد کے لئے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں گزاریں۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بجلی کے بل معاف کرنے کا حکومتی اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ ہم ہر قسم کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں‘ حکومت کو چلانا اور جمہوریت کو بچانا اور سنبھالنا آتا ہے۔ پنجاب حکومت سے تعلقات جاری رکھے جائیں گے‘ ہم مشکل حالات میں ملک چھوڑ کر بھاگنے والوں میں سے نہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جمہوریت کو پٹڑی سے اترنے نہیں دیا جائے گا۔ راجہ ریاض نے صدر زرداری کو سیلاب زدگان کی امداد و بحالی کے امور پر بریفنگ دی۔ صدر نے کہا کہ وزرا زیادہ سے زیادہ وقت متاثرین کے لئے نکالیں۔ ریلیف کی اشیا اور دیگر رقوم و سامان کی شفاف ترسیل اور استعمال کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ دریں اثناءچین کے تعاون سے جاری مختلف منصوبوں پر غور کرنے کے لئے صدر زرداری کی زیر صدارم اجلاس ہوا جس میں سیلاب کے پانی کا رخ صحراوں کی جانب کرنے کے منصوبے پر غور کیا گیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ سیلاب کنٹرول منصوبوں میں چینی کمپنیو ں کو شامل کرنے پر حکومت غور کرے۔ پاکستان چین تجارت کا حجم 7 ارب ڈالر سالانہ ہو گیا ہے۔ صدر مملکت زرداری نے صدر آزاد جموں و کشمیر راجہ ذوالقرنین خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، مسئلہ کشمیر پر سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ، عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے گذشتہ روز صدر آزاد کشمیر راجہ ذوالقرنین خان سے ٹیلی فون پرمسئلہ کشمیر سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ صدر نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد انتہائی پر امن اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق ہے کشمیری عوام نے اپنی آزادی اور حق خود ارادیت کے لئے بے پناہ قربانیاں دی مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری تحریک مزاحمت جائز اور حق پر مبنی ہے بھارتی حکومت کو ریاست جموں و کشمیر کے نہتے اور معصوم عوام پر جاری ظلم اور بربریت کو فی الفور بند کرنا چاہئے۔ بھارتی فوج کے تشدد کے باعث شہید ہونے والے معصوم کشمیری بچوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی تشدد اور حقوق کی پامالی کا نوٹس لے۔دریں اثناءصدر زرداری کی صدارت میں پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم گیلانی بھی شریک ہوئے اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور اتحادیوں سے تعلقات پر تفصیلی غور کیا گیا۔اسلام آباد سے خبر نگار خصوصی کے مطابق پیپلز پارٹی پنجاب کے صوبائی وزرا نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خلاف ایوان میں شکایات کے انبار لگا دیئے وزرا کا موقف تھا کہ پنجاب میں بیوروکریسی ہی ان کے کام نہیں کر رہی اور ہماری وزارتوں کے سیکرٹریوں کو وزیر اعلیٰ نے وزرا کا ہر کام کرنے کی اجازت نہیں دے رکھی سیکرٹری ہماری فائلوں کو غائب کر دیتے ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے ہمارے وزرا سے زیادہ بااختیار بن چکے ہیں۔ وزرا کی اکثریت نے پیر پگاڑا کی سربراہی میں مسلم لیگ کے جمع ہونے پر مختلف سوالات بھی کئے جس پر صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے خلاف ہمیشہ لوگ سازشیں کرتے رہے ہیں مگر عوام نے ان کی سازشوں کو ناکام بنا دیا منفی سوچ والے ایک بار پھر متحد ہو رہے ہیں مگر ہم ان کا مقابلہ کریں گے میں بھاگنے والا نہیں ہوں حالات کا مقابلہ کیا جائے گا اور اس بار منفی سوچ والوں کو عوام شکست دیں گے‘ عوام سیاسی اداکاروں کو پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں ضمنی الیکشن میں ہمارے امیدواروں کی کامیابی حکومت پر عوام کا اعتماد ہے‘ ایوان صدر کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ نظام میں شفافیت ہی کرپشن کے خاتمہ کی کنجی ہے سیلاب متاثرین میں تقسیم ہونے والی تمام امداد کو مکمل طور پر شفاف بنایا جائے گا۔
اسلام آباد ( ایجنسیاں) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے پنجاب کے سینئر وزیر راجہ ریاض کی ملاقات کی جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں صوبہ پنجاب کی مجموعی سیاسی صورتحال اور ملک میں خاص طور پر پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے راجہ ریاض کو ہدایت کی کہ وہ پنجاب میں مفاہمت کی فضا کو جاری رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ پنجاب حکومت کو کسی صورت غیر مستحکم نہیں ہونے دینگے۔ پنجاب حکومت کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مفاہمت اور ہم آہنگی کی فضا کو برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے پنجاب کابینہ میں شامل پیپلزپارٹی کے وزراءکو صوبائی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ دونوں بڑی جماعتوں کے تعلقات کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینئر وزیر راجہ ریاض نے پیپلزپارٹی کے وزراءکو اس ضمن میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ راجہ ریاض نے پنجاب حکومت کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے وزراءکے تحفظات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا ہے۔
اسلام آباد ( ایجنسیاں) وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے پنجاب کے سینئر وزیر راجہ ریاض کی ملاقات کی جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کارروائیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں صوبہ پنجاب کی مجموعی سیاسی صورتحال اور ملک میں خاص طور پر پنجاب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے راجہ ریاض کو ہدایت کی کہ وہ پنجاب میں مفاہمت کی فضا کو جاری رکھیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ پنجاب حکومت کو کسی صورت غیر مستحکم نہیں ہونے دینگے۔ پنجاب حکومت کے حوالے سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مفاہمت اور ہم آہنگی کی فضا کو برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے پنجاب کابینہ میں شامل پیپلزپارٹی کے وزراءکو صوبائی حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ دونوں بڑی جماعتوں کے تعلقات کار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینئر وزیر راجہ ریاض نے پیپلزپارٹی کے وزراءکو اس ضمن میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ راجہ ریاض نے پنجاب حکومت کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے وزراءکے تحفظات سے وزیراعظم کو آگاہ کیا ہے۔