کرہ ارض پر حیات کی بقاء کیلئے درخت ناگزیر ہیں: قاسم خان سوری
اسلام آباد(نا مہ نگار)پٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ کرہ ارض پر حیات کی بقا کے لیے درخت ناگزیر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ درخت ناصرف ہمیں آکسیجن فراہم کرتے ہیں بلکہ یہ ماحول کو صاف رکھنے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایف نائن پارک اسلام میں سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کی چیئرپرسن محترمہ سیمی ازدی کی جانب سے 10ارب پودے لگانے کے وزیراعظم کے پروگرام کے تحت منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا آفریدی، اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ نے شرکت کی۔ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان شروع دن ہی سے ماحول کو صاف رکھنے اور آنے والی نسلوں کو ایک صاف اور محفوظ بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ 10 ارب درخت لگانے کا وژن بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ دور میں تحریک انصاف کی حکومت نے ایک ارب درخت لگانے کا ہدف پورا کیا اور موجودہ حکومت ملک میں 10ارب درخت لگانے کے لیے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے ماحولیات میں کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں اور عوام کو اس کارخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور حکومتی اداروں کی معاونت کرنے کا کہا۔انہوں نے وزارت ماحولیات اور متعلقہ صوبائی محکموں کو دریاں، نہروں اور روڈو کے کناروں پر کثرت سے درخت لگانے کی ہدایت کی۔انہوں نے اس تقریب کے انعقاد پر سینیٹر سیمی ازدی کو مبارکباد دی اور ملک کو ماحول دوست اور سر سبز و شاداب بنانے کے لیے ان کی کوششوں کو سراہا۔ بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ اور محترمہ سیمی ازدی کے ہمراہ پودہ لگایا اور ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعا بھی کی۔