ٹڈاپ کا ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز میں ایمازون ٹریننگ سیشن کا انعقاد
کراچی (کامرس ڈیسک) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے معروف بین الاقوامی ای کامرس پلیٹ فارم ایمازون پر کاروبارکیلئے تربیتی سیشن کا انعقاد کیا۔ اس سیشن میں ایکسپورٹرز کو ایمازون پر اکاؤنٹ بنانے، پروڈکٹس کی لسٹنگ، ادائیگی کے طریقہ کار اور مصنوعات کی نقل و حمل سے متعلق تربیت اور آگاہی فراہم کی گئی۔ ٹڈاپ کی جانب سے ڈائریکٹر سروسز جمیل احمد، روحیل نظیر، عروہ حسن زبیری، عادل مختار، عامر خان اور فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے حافظ کامران نے پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کے 40سے زائد ممبران کو تربیت فراہم کی۔ اس موقع پر پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن کے نائب صدر امیر احمد اور سیکریٹری جنرل عزیز اللہ گوہر نے تربیتی سیشن کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا۔