وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ 15جنوری تک نواز شریف پاکستان کی جیل میں ہوں گے، نواز شریف کو نہ صرف جیل بھجوائیں گے بلکہ پیسے بھی وصول کریں گے، لگتا ہے بلاول نے مریم نواز سے اپنی والدہ کا بدلہ لیا ہے، کیپٹن (ر)صفدر کو ہم نے گرفتار نہیں کیا، فوٹیج میں سارے پاکستان نے دیکھ لیا یہ ڈرامہ تھا ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ جلسے توقعات کے مطابق نہیں ہوئے تو اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے، ایک طرف مریم نواز کہتی ہیں کراچی انکوائری کی ضرورت نہیں اور دوسری طرف کہتی ہیں کہ انکوائری ہوئی تو پیش ہوں گی، مریم نواز نے متضاد باتیں کیں، ان کے درباری روز جھوٹ بولتے ہیں، جھوٹ ان کی گھٹی میں شامل ہے، یہ جھوٹ نہ بولیں تو کھانا ہضم نہیں ہوتا، یہ خود کو سیاست کا شاہی خاندان سمجھتے ہیں، انہوں نے عوام کا پیسہ لوٹا ہے۔انہوںنے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کو سندھ پولیس نے گرفتار کیا، یہ آپس میں ایک دوسرے سے مخلص نہیں، اور سیاست سیاست کھیل رہے ہیں، سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، جو ہوتا ہے یہ ذمہ دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ احسن اقبال، شاہد خاقان، خواجہ آصف، رانا ثناء اللہ نیب زدہ ہیں، اپنے دور میں نوٹ کو عزت دی، اب کہتے ہیں ووٹ کو عزت دو، بینظیر بھٹو شہید کی تصاویر ہیلی کاپٹر سے گرائیں، کیا اس وقت چادر چاردیواری کا تحفظ ذہن میں نہیں تھا ؟ انہوں نے اپنا نمائندہ بھی جھوٹ کا ماہر رکھا ہوا ہے، جھوٹ بولنے والوں کی باتوں میں وزن ہے نہ عوام بھروسہ کرتے ہیں، جو خاندان حکمرانی کرتے آئے ان کی سیاست ختم ہوگئی، مسلم لیگ ن کے کئی حصے ہو رہے ہیں، کھینچا تانی جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان انہیں نہیں چھوڑیں گے، عمران خان لوٹا ہوا پیسہ بھی واپس لائیں گے اور سزا بھی دلوائیں گے، یہ ہو نہیں سکتا کھربوں کی جائیداد ہو اور بات کریں غریب کی۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے بلاول نے مریم نواز سے اپنی والدہ کا بدلہ لیا ہے، کیپٹن (ر)صفدر کو ہم نے گرفتار نہیں کیا، فوٹیج میں سارے پاکستان نے دیکھ لیا یہ ڈرامہ تھا، ویڈیو میں اس شخص کو بھی دیکھا جاسکتا ہے جو ان کا باڈی گارڈ تھا۔مریم نواز کی جانب سے حکومت جانے کے دعوے سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوری میں حکومت جا رہی ہے، لیکن ہوشیار رہیں انہوں نے سال نہیں بتایا۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38