گورنرسے آصف مجیدکی ملاقات‘رحیم یارخان کی سیاسی صورتحال پرتبادلہ خیال
رحیم یارخان(بیورورپورٹ) ممبر صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 262چوہدری آصف مجید کی گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور سے ملاقات،ملکی سیاسی صورت حال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال، ایم پی اے چوہدری آصف مجید نے رحیم یارخان کی سیاسی صورت حال اورحلقہ میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کے حوالہ سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا،انہوں نے بتایاکہ حلقہ میں مسائل ہمیں سابقہ حکومت سے ورثہ میں ملے جس کو سابق حکومت کے نمائندوں نے بالکل نظرانداز کیا تاہم وزیراعلی سردار عثمان بزدار اورپنجاب حکومت کی خصوصی توجہ کے باعث اب تک کروڑوں روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جاچکے ہیںمزید پرکام جاری ہے میگا سٹی پیکج کی فراہمی سے حلقہ میں تعمیراتی کاموں کا جال بچھایا جائیگا،عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل جاری ہے اورترقی کا سفر جاری رکھیں گے۔گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے ترقیاتی کاموں کے حوالہ سے چوہدر ی آصف مجید کی کوششوں کو سراہا اوراپنے بھرپورتعاون کا یقین دلایا انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ملک دشمن عناصرکے ایجنڈے پرعمل پیرااور بھارت کوخوش کررہی ہے‘ پی ڈی ایم محض ایک مذاق کے سواکچھ نہیں ‘ ملک کی ترقی میں رکاوٹ بننے والوں کومنطقی انجام تک پہنچائیں گے‘ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک ترقی کی منازل طے کررہاہے اورکرتارہے گا‘ جنوبی پنجاب بالخصوص رحیم یارخان کی پسماندگی ختم کریں گے۔