علی پور،پولیس تشدد سے نوجوان جاں بحق، ورثا مشتعل،گاڑی کی توڑ پھوڑ
علی پورعلی والی، گھلواں( فیاض والوٹ سے ،نامہ نگار، نیوز رپورٹر) پولیس گردی کی انتہا،درختوں کی کٹائی پر تنازع مخالفین اور پولیس کے مبینہ تشدد سے نوجوان حافظ قرآن جاں بحق، مشتعل افراد نے پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا پولیس وین کے شیشے توڑ دیے اے ایس آئی اور دو کانسٹیبل گرفتار دو کانسٹیبل فرار مقتول کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں پوسٹ مارٹم چار پولیس اہلکاروں سمیت 48 افراد کے خلاف مقدمہ درج تفصیل کے مطابق تھانہ صدر علی پور کی حدود موضع عظمت پور میں درختوں کی کٹائی پر تنازعہ ہوا مقامی مسجد کے امام وخطیب مولانا محمد باقر نے درخت فروخت کیے اور رقم مسجد کی تعمیر پر خرچ کر رہے تھے مسجد کمیٹی کے ممبر عبدالخالق گوپانگ کو درختوں کی فروخت پر اعتراض تھا جس عبدالخالق، پنل اور اکبر گوپانگ نے مولانا باقر کو درخت کاٹنے سے منع کیا جس پر فریقین میں توتکار شروع ہو گئی تو عبدالخالق گوپانگ نے 15 پر کال کردی تھانہ صدر کے اے ایس آئی عبدالغفور ، طارق، صفدر اور اکبر مستوئی کانسٹیبل کے موقع پر پہنچے اور مسجد کے امام مولوی باقر کے بیٹے حافظ یاسر اور حافظ سلطان کو گرفتار کرلیا اسی دوران عبدالغفور اے ایس آئی، طارق کانسٹیبل نے عبدالخالق، اکبر، پنل سے مل کر حافظ یاسر اور حافظ سلطان پر سوٹوں سے تشدد شروع کر دیا پولیس اہلکاروں اور مخالفین کے تشدد سے اٹھارہ سالہ حافظ قرآن محمد یاسر موقع پر دم توڑ گیاجس پر مقتول کے لواحقین ودیگر رشتہ دار مشتعل ہوگئے اور انہوں نے اے ایس آئی عبدالغفور اور طارق کانسٹیبل کو پکڑ لیااور پولیس وین کو بھی نقصان پہنچایا جبکہ کانسٹیبل اکبر مستوئی، کانسٹیبل صفدر، عبدالخالق، اکبر، پنل ودیگر 40 افراد موقع سے فرار ہوگئے اطلاع پر ڈی ایس پی علی پور خالد رؤف مع پولیس نفری موقع پر پہنچے اور مقتول کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال علی پور بھجوا دیا اور مقتول کے لواحقین اور معززین علاقہ سے مذاکرات میں تشدد اور قتل میں ملوث پولیس اہلکاروں اور مخالفین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی یقین دیہانی پر اے ایس آئی عبدالغفور اور طارق کانسٹیبل کو آزاد کروایا ایس ڈی او نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو کچھ ہوا ہے انتہائی افسوس ناک ہے حافظ یاسر کے قتل میں ملوث ہر کردار کو عبرت ناک سزا کے ذریعے انجام تک پہنچائیں گے محکمہ پولیس مقتول یاسر کے لواحقین کے غم میں برابر شریک ہے۔