نوجوان کرکٹرز کی اچھی بری کارکردگی بردادشت کرنا ہوگی، مصباح
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)مصباح الحق تشکیل نو کی ’’طویل اننگز‘‘کھیلنے کے خواہاں ہیں۔مصباح الحق نے سرکاری ٹی وی کو انٹرویو میں کہا کہ ایسوسی ایشنز کے کوچزوسلیکٹرز جانتے ہیں کہ پرفارمنس، میچ جتوانے میں کردار، فیلڈنگ اور فٹنس سمیت کن بنیادوں پر کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ہے،ٹیم میں جارحانہ پن آرہا ہے لیکن نوجوان کرکٹرز کو تھوڑا مارجن اور وقت دینا ہوگا، ابھی غلطیاں بھی ہوں گی لیکن ہمیں اچھی بْری کارکردگی کو گوارا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مثال تو دی جاتی ہے لیکن گذشتہ 50سال میں کتنے عظیم کرکٹرز سامنے آئے،کسی بھی ملک میں اس طرح کے بڑے نام 4یا 5ہوتے ہیں،موجودہ ٹیم کو دیکھیں تو شاہین شاہ آفریدی میں جارحیت آرہی ہے مگر تجربے کی بات کریں تو ان کے کیریئر کو زیادہ وقت نہیں ہوا،نسیم شاہ نے تو ابھی 10ٹیسٹ میچ بھی نہیں کھیلے،نوجوان پیسرز نے صلاحیتوں کی جھلک دکھاتے ہوئے ہیٹ ٹرک اور 5وکٹوں سمیت کارنامے سرانجام دیے ہیں لیکن کارکردگی میں تسلسل تجربہ حاصل ہونے پر ہی آئے گا۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ ماضی میں وسیم اکرم متعارف ہوئے تو عمران خان جیسا سینئر پہلے سے موجود تھا،اسی طرح سے نوجوانوں کو رہنمائی ملتی رہی، اب تو سارے ہی نوجوان ہیں،زمبابوے کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے ان فارم وہاب ریاض اور شاہین آفریدی کے ساتھ محمد حسنین اور محمد موسٰی کو بھی صلاحیتیں نکھارنے کا موقع ملے گا،کوئی بھی فارمیٹ ہو جونیئرز کو کھیلا کر تجربہ دلانے سے ہی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔