یو بی جی نے فیڈریشن کو مضبوط پلرز پر کھڑا کیا،طارق حلیم
کراچی(کامرس رپورٹر)ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدراوریونائٹیڈ بزنس گروپ کی کورکمیٹی کے ممبرطارق حلیم نے کہا ہے کہ ایف پی سی سی آئی الیکشن2021کیلئے یو بی جی سندھ کورکمیٹی نے صدارتی منصب کیلئے امیدوار کے نام پر اتفاق کرلیا گیا ہے اور یہ نام24اکتوبر کوچیئرمین افتخار علی ملک اور سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر کی سربراہی میں لاہور میں ہونے والے یو بی جی مرکزی کورکمیٹی کے اجلاس میں پیش کیا جائے ،پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو ایک سال میں ہی پتہ لگ گیا ہے کہ یو بی جی کے فیڈریشن چیمبر میں اقتدار میں نہ ہونے سے انہیں کتنا نقصان پہنچا ہے اورموجودہ برسراقتدار گروپ بزنس مین پینل کیلئے سال2020 بدترین ناکامی کی نوید سنا رہا ہے لیکن بزنس کمیونٹی مایوس نہ ہوکیونکہ یونائٹیڈ بزنس گروپ 30دسمبر کے الیکشن میں ایک بار پھر کامیابی کرے گا۔انہو نے کہا کہ بزنس مین پینل کے رہنما فیڈریشن الیکشن کے وقت گھروں سے نکل کرکورونا کی آڑ لے کرمصنوعی آنسوؤں کے سہارے کاروباری برادری کوبہکانے کی ناکام کوشش کریں گے لیکن انہیں فیڈریشن الیکشن میں انہیں شکست کا سامنا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کے ہردلعزیز رہنما ایس ایم منیر پاکستان کی بزنس کمیونٹی کا سرمایہ ہیں اورہم سب انہیں اپنا آئیڈیل مانتے ہیں اور انہوں نے یو بی جی کے ذریعہ ایف پی سی سی آئی کو مضبوط پلرز پر کھڑا کیالیکن گزشتہ چند ماہ سے فیڈریشن کی قیادت ناعاقبت اندیشوں کے ہاتھ میں ہے جو بزنس کمیونٹی کو مایوسیوں کے سوا کچھ اور نہ دے سکے لیکن اب 30دسمبر کوفیڈریشن الیکشن میں کامیابی ایس ایم منیر ،افتخار علی ملک اور انکی ٹیم کے قدم چومے گی۔