عمران خان جلد راولپنڈی رنگ روڈ کی تعمیر کا افتتاح کرینگے، چیئرمین آر ڈی اے
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین طارق محمود مرتضیٰ نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ (آر تھری) منصوبے کی اراضی خریدنے کیلئے 6.2 ارب روپے کی رقم جاری کردی گئی ہے اور وزیر اعظم عمران خان وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار کے ہمراہ جلد اس منصوبے کا افتتاح کریں گے۔۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔طارق محمود مرتضیٰ نے کہا کہ آر تھری منصوبے پر پچاس ارب روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور مالی معاملات طے ہونے کے بعد اس کی تعمیر 2 سال میں مکمل ہوجائے گی۔ آئی سی سی آئی کی سینئر نائب صدر محترمہ فاطمہ عظیم، نائب صدر عبدالرحمن خان، خالد جاوید، زبیر احمد ملک، عبد الرؤف عالم، خالد اقبال ملک، میاں شوکت مسعود،محمد اعجاز عباسی، نعیم صدیقی، طاہر ایوب اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کاروباری برادری کے تحفظات سے چیئرمین آ ر ڈی اے کو آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آر ڈی اے بزنس کمیونٹی کے تمام تحفظات دور کر کے آ تھری منصوبے کو مکمل کرنے کی کوشش کرے۔